آپریشن ضرب عضب کے دوران ایک سال میں 2763 دہشتگردہلاک، 837 خفیہ ٹھکانے تباہ ،253 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا

سیکیورٹی فورسز کے 347 افسروں ،جوانوں نے جام شہادت نوش کیا،ہیوی مشین گنز ، لائٹ مشین گنز ، سنائپر رائفلز ، راکٹ لانچر، اے کے 47 گنوں سمیت 18087 ہتھیار صرف شمالی وزیرستان ایجنسی سے برآمد کئے گئے پاکستان کو دہشتگردی سے مکمل طور پر پاک کرنے کیلئے قوم متحد ہوچکی ،ناسور کے خاتمے کیلئے سول سوسائٹی مثبت کردار ادا کر رہی ہے، ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے آپریشن جاری رہیں گے، ترجمان پاک فوج آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے ملک کا ماحول بہتر ہوا ، چینی صدر سمیت دیگر اہم غیر ملکی شخصیات نے پاکستان کا دورہ کیا،بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی ،میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ

ہفتہ 13 جون 2015 19:57

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران ایک سال میں 2763 دہشتگردہلاک، 837 خفیہ ٹھکانے تباہ اور 253 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ، اس دوران سیکیورٹی فورسز کے 347 افسروں اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا،ہیوی مشین گنز ، لائٹ مشین گنز ، سنائپر رائفلز ، راکٹ لانچر، اے کے 47 گنوں سمیت 18087 ہتھیار صرف شمالی وزیرستان ایجنسی سے برآمد کئے گئے ، پاکستان کو دہشتگردی سے مکمل طور پر پاک کرنے کیلئے پوری قوم متحد ہوچکی ہے،۔

اس ناسور کے خاتمے کیلئے سول سوسائٹی مثبت کردار ادا کر رہی ہے، ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے آپریشن جاری رہیں گے۔ہفتہ کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کی طرف سے آپریشن ضرب عضب کا ایک سال مکمل ہونے پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے آغاز سے ایک سال کے دوران وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) خاص طور پر شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں دہشتگردوں کیخلاف انتہائی اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں کے مضبوط ٹھکانے ، مواصلاتی انفراسٹرکچر اور پناہ گاہیں بڑے پیمانے پر دہشتگردوں سے پاک کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اب پاک افغان سرحد کے قریب چھوٹے چھوٹے علاقوں کی طرف بڑھ رہاہے ۔ آپریشن کے دوران اب تک 2763 دہشتگرد ہلاک ، 837 خفیہ ٹھکانے تباہ اور 253 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کیا جا چکا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کے ایک سال کے دوران انٹیلی جنس کی بنیاد پر 9 ہزا رآپریشنز کئے گئے جس کے نتیجہ میں شہری علاقوں میں ہزاروں دہشتگرد اور انکے ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 218 بڑے دہشتگرد مارے گئے ۔

اس دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے 347 افسروں اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔ بیان کے مطابق ایک سال کے عرصہ میں اس آپریشن کے نتیجہ میں ھیوی مشین گنز ، لائٹ مشین گنز ، سنائپر رائفلز ، راکٹ لانچر، اے کے 47 گنوں سمیت 18087 ہتھیار صرف شمالی وزیرستان ایجنسی برآمد کئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو دہشتگردی سے مکمل طور پر پاک کرنے کیلئے پوری قوم متحد ہوچکی ہے۔

اس ناسور کے خاتمے کیلئے سول سوسائٹی مثبت کردار ادا کر رہی ہے ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک فوج کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو دہشتگردی سے پاک کرنے کیلئے آپریشنز جاری رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے ملک کا ماحول بہتر ہوا ہے اور اس دوران چینی صدر سمیت دیگر اہم غیر ملکی شخصیات نے پاکستان کا دورہ کیا اسی بہتر ماحول کی وجہ سے کئی سال بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی اور پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کرکٹ سیریز کا انعقاد کیا گیا ۔