` محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوا کا معذور افراد کی بحالی اور حوصلہ افزائی کا جامع پروگرام کا آغاز ،افتتاح منگل کو ہوگا

ابتدائی مرحلے میں دس ہزار سے زائد خصوصی افراد کو پانچ پانچ ہزار روپے کی نقد مالی امداد مہیا کی جارہی ہے،نئے مالی سال میں مزید بڑی سکیمیں بھی شروع کی جائیں گی `

ہفتہ 13 جون 2015 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوا نے معذور افراد کی بحالی اور حوصلہ افزائی کا جامع پروگرام شروع کیا ہے ابتدائی مرحلے میں دس ہزار سے زائد خصوصی افراد کو پانچ پانچ ہزار روپے کی نقد مالی امداد مہیا کی جارہی ہے جسکی مجموعی مالیت پانچ کروڑ روپے ہے جبکہ نئے مالی سال میں مزید بڑی سکیمیں بھی شروع کی جارہی ہیں اس پروگرام کا افتتاح منگل کو پشاور میں ہو گا جس میں تین سو خصوصی افراد کو نقد امداد ملے گی یہ تقریب اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے خیبریونین ہال میں ہو گی اس بات کا انکشاف وزیراعلیٰ کی مشیر برائے سماجی بہبودڈاکٹرمہرتاج روغانی نے فرنٹئیر لاء کالج پشاور صدر میں تقسیم اسناد کی سالانہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر کالج کے پرنسپل اخترعلی شاہ اور دیگر مقررین نے کرپشن کے خاتمے اور تعمیر و ترقی کا عمل شفاف بنانے نیز عوامی فلاح و بہبودکے ٹھوس اقدامات پر موجودہ حکومت کے کردار کو سراہا اور کالج کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی مہر تاج روغانی نے وکلاء پر زوردیا کہ وہ عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے کمربستہ ہوں اور معاشرے میں انصاف، میرٹ اورقانون کا بول بالا کرنے کیلئے فعال کردار ادا کریں انہوں نے کہاکہ ڈاکٹراوروکیل کاپیشہ مقدس ہے دونوں طبقوں کامقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہے انہوں نے فرنٹئیر لاء کالج کے تعلیمی کردار کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ یہاں سے بہترین وکلاء اور جج فارغ التحصیل ہوئے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مصروف عمل ہیں صوبائی مشیر نے پجگی روڈ پر کالج کی نئی شاندار عمارت کی تعمیر کو بھی خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ کالج انتظامیہ وکالت کی تعلیم میں بھی جدت لائے گی انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے نہ صرف تبدیلی کا عمل شروع کیا بلکہ تاریخ ساز قانون سازی کی تھانے اور پٹوارکلچر کے خاتمے نیز ظلم اور ناانصافی کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کیے ایک طرف اطلاعات اور خدمات تک رسائی جیسے قوانین کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کاعمل شروع کیا گیا تو دوسری طرف قومی وسائل کا ضیاع روکنے اور عوام کا لوٹا ہوا مال واپس دلانے کیلئے احتساب کمیشن جیسے اداروں نے کام شروع کیا ہے ڈاکٹرمہر تاج روغانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت معذورافراد اور یتیم و بے سہارا بچوں کی فلاح وبہبود اور بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے صوبے کے چھ لاکھ خصوصی لوگوں کی بحالی کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ سٹریٹ چلڈرن کی بطور اسٹیٹ چلڈرن بہترین تعلیم و تربیت کیلئے عالمی اداروں کے تعاون سے بہترین پیکج بھی بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ صوبے بھر میں 10123 معذور افراد کو پانچ ہزار روپے فی کس کے حساب سے پانچ کروڑ روپے کے چیک دینے کا عمل شروع کررہا ہے جو قرعہ اندازی کے ذریعے چوبیس ہزار مستحق افراد میں سے چنے گئے ہیں اس سلسلے میں تین سو خصوصی افرا د کو مالی امداد کے چیک منگل 16جون کو اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران دئیے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ محکمہ سماجی بہبودمنشیات کے عادی افراد کی بحالی کا موثر پروگرام بھی شروع کررہاہے کیونکہ انکے موجودہ ہسپتال ناکافی ہیں اور انہیں بہتر بنانے کا ہنگامی پلان بھی بنایا گیا ہے اسی طرح صوبے بھر میں دارالامان کے انتظامات بھی بہتر بنائے جارہے ہیں تاکہ وہاں مقیم بدقسمت خواتین کو اچھی زندگی گزارنے کے مواقع ملیں اور ان کی تلخ یادوں کو زائل کیا جاسکے ۔

`