`کراچی، پاکستانی ریٹیلر محمد توقیر شاہد نے’ شیل گلوبل ریٹیلر آف دی ایئر‘کا پروقار ایوارڈ جیت لیا`

ہفتہ 13 جون 2015 19:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) رائل ڈچ شیل کی ایک شاندار تقریب میں پاکستانی ریٹیلر محمد توقیر شاہد نے’ شیل گلوبل ریٹیلر آف دی ایئر‘کا پروقار ایوارڈ جیت لیا۔ یہ کسی پاکستانی ریٹیلر کو ملنے والا پہلا ایوارڈ ہے جو اُن کو بہترین کسٹمر سروس پر دیا گیا ہے۔ خود پاکستان کے لیے بھی یہ فخر کی بات ہے۔ محمد توقیرشاہد کو یہ ایوارڈرائل ڈچ شیل کی جانب سے منعقدہ ایک رنگا رنگ تقریب میں دیا گیا جس میں دنیا بھرسے ریٹیلرز اور دیگر متعلقہ افرادنے شرکت کی۔

شیل گلوبل کا ریٹیل آپریشن دنیا بھر کے 80سے زائد ممالک میں پھیلا ہوا ہے جہاں45ہزار سے زائد ریٹیل اسٹیشنوں کے ذریعے 25 ملین کسٹمرز کو روزانہ خدمات فراہم کی جاتی ہے۔ اس مقابلہ میں کسٹمر سروس اور بزنس میں اضافے کے دیگرمعیارات پر پرکھا جاتاہے۔

(جاری ہے)

دنیا بھر سے شیل کے ریٹیلرز اِس مقابلے میں حصہ لیتے ہیں اور جیتنے والوں کو ایوارڈ ایک سالانہ ریوارڈ اینڈ ریکگنیشن (Reward & Recognition)کی تقریب میں دیا جاتا ہے۔

ریٹیلر محمد توقیرشاہد کا تعلق ضلع ساہیوال سے ہے اوریہ بہترین کسٹمر سروس کے قائل ہیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ وہ اپنے اسٹاف کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ وہ فیول اسٹیشن پر آ نے والے کسٹمرز کو بہترین خدمات فراہم کریں ۔اِن کے ِاس جذبہ اور عزم کو ان کے کسٹمرز بھی سراہتے ہیں جن کو مزیدخوش رکھنے کے لیے وہ اکثر مختلف اقسام کی سروس آفرز اور دیگر مہم چلاتے رہتے ہیں۔

اس موقع پر شیل پاکستان ریٹیل بزنس کے جنرل منیجر مظہر الدین نے کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہمارے ریٹیلرز میں سے ایک توقیر رائل ڈچ شیل کے مسابقتی گلوبل ریٹیلر آف دی ایئر ایوارڈ کے معیارات پرپورا اترے ہیں اورپہلی مرتبہ یہ ایوارڈ پاکستان لے کر آئے ہیں۔ اس مرتبہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے شیل کے کسی ریٹیلر نے یہ ایوارڈ جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں بھی کاروباری رجحانات میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے جس میں کسٹمر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور فی الحقیقت اس طرح وہ اپنے کاروبار میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ دیگر ریٹیلرز بھی ان اقدارپر عمل کریں گے۔ `