رواں مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 90فیصد تک استعمال کر لیں گے ،آئندہ سال کیلئے 400ارب روپے کا ریکارڈ ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ہے ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عرفان الٰہی کا پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 13 جون 2015 18:23

لاہور ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عرفان الٰہی نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ 345ارب روپے رکھا گیا تھاجسے بعد میں نظر ثانی کر کے 290ارب کیا گیا اس میں سے اب تک 83فیصد استعمال ہو چکا ہے اور امید ہے کہ جون کے آخر تک ہم ترقیاتی بجٹ کا 90فیصد تک استعمال کر لیں گے۔گزشتہ روز پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے موقع پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دو بلاک ایلو کیشن رکھی گئی ہے جس کا حجم 20ارب روپے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 400ارب روپے کا ریکارڈ ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے جو گزشتہ سال سے 15.7فیصد زائد ہے، اس ترقیاتی بجٹ میں انفراسٹرکچر،اورنج لائن ٹرین،پینے کے صاف پانی کے منصوبے،زراعت اور لائیو سٹاک کی ترقی ،کسانوں کو سستے ٹریکٹرز اور زرعی آلات کی فراہمی ،آبپاشی کے نظام کی بہتری ،شاہراہوں کی تعمیر ،ملتان میں میٹرو ٹرین کا منصوبہ سمیت دیگر توانائی کے بڑے منصوبے شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نئے بجٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی 317اور سول جج کی 696آسامیاں پیدا کرنا،1500اہلکاروں جن میں 75خواتین شامل ہوں گی، نئی انسداد دہشت گردی فورس کا قیام،شہریوں کو دوستانہ ماحول کی فراہمی کیلئے 80پولیس سروس سنٹرز اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ لاہور کا قیام ،ہیلتھ انشورنس کا اجراء اور پنجاب میں موبائل ہیلتھ یونٹس بنانے سمیت دیگر منصوبے بھی آئندہ مالی سال میں مکمل کئے جائیں گے ۔

چیئرمین پی اینڈ ڈی نے بتایا کہ 2014-18ء پانچ سالہ منصوبہ کے تحت پنجاب کی اقتصادی شرح نمو 8فیصد ،نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کو دگنا اورسالانہ دس لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے کے اہداف ہیں اس کے علاوہ 20لاکھ ہنر مند گریجوایٹس اور برآمدات میں سالانہ 15فیصد اضافہ کرنے کے اہداف بھی مقرر کر رکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :