طلباء نظریہ پاکستان کی روشنی میں اپنی کردار سازی کریں تو عملی زندگی میں مشکل سے مشکل مسئلہ بھی حل ہوتا چلا جائے گا، عبدالکریم

ہفتہ 13 جون 2015 18:19

فیصل آباد۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) طلبہ نظریہ پاکستان کی روشنی میں اپنی کردار سازی کریں تو عملی زندگی میں مشکل سے مشکل مسئلہ بھی حل ہوتا چلا جائے گا۔ بلند کردار اور پختہ ارداے کے حامل افراد ہی دنیا میں عروج حاصل کرتے ہیں، یہ بات نظریہ پاکستان فورم فیصل آباد کی طرف سے طلبہ کی ذہنی تربیت کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے صدر الحاج میاں عبد الکریم نے کہی، انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اس کے نونہالوں سے وابستہ ہوتی ہے،آج کے طلبہ نے ہی آنے والے کل میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے، وقتی پریشانی ہوتی ہے، مشکلات آتی ہیں، مصائب آتے ہیں، تکالیف ملتی ہیں، مگر جو طالب علم ان مشکلات اور مصائب میں استقامت کے ساتھ کھڑے ہو جائیں تو پھرکامیابی انہی کے قدم چومتی ہے۔

(جاری ہے)

آج وطن عزیز کے سرکاری دفاتر میں عوام کے اندر یہ سوچ ہے کہ کوئی کام بھی رشوت کے بغیر نہیں ہوتا، مگر اگر انسان یہ مصمم ارادہ کر لے کہ اس نے اس جائز کام کو ہر حال میں رشوت کے بغیر ہی کرواناہے تو وہ اپنے مقصد میں ضرور کامیابی حاصل کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ میرا وجود آپ کے سامنے ہے کہ ہمیں نہ صرف اپنے ذاتی کام بلکہ دوست احباب کے کام بھی سرکاری دفاتر میں آئے روز پڑتے ہیں مگر ہم نے اپنے کسی کام کے لیے زندگی بھر کسی سرکاری اہلکار کو ایک روپیہ بھی رشوت نہیں دی، ابتدائی زندگی ہی سے یہ تہیہ کر لیا تھا کہ کام ہو جا نہ ہو کسی سرکاری اہلکار کو رشوت نہیں دی جائے گی، آپ نوجوان ہیں آپ کو بھی اپنی زندگی کے ابتدائی ایام میں ہی یہ تہیہ کر لینا چاہیے کہ ہم نے زندگی بھر اپنے کسی بھی جائز کام کے لیے کسی بھی محکمے کے کسی بھی اہلکار کر رشوت نہیں دینی تو آپ کے اس مصمم اور پختہ ارادے میں خالق کائنات نے اس قدر برکات نازل کرنی ہے کہ آپ کے تمام جائز کاموں کے لیے راستے خود بخود کھلتے چلے جانے ہیں، طلبہ کو چاہیے کہ ان کے سامنے قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ ، علامہ اقبال اور ان کے جانثار ساتھیوں کے زندگیاں موجود ہیں جنہوں نے اپنے کردار کی بدولت انگریز اور ہندو جیسی چالاک اور عیار اقوام سے برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کو آزادی کی عظیم نعمت سے ہمکنار کیا۔

تربیتی ورکشاپ سے چیف پیٹرن شیخ محمد بشیر، حاجی محمد عابد، چوہدری محمد اصغر، محمد ارشد قاسمی و دیگر نے بھی خطاب کیا اور تقریب کے اختتام پر تحریک پاکستان کے حوالے سے سوالات کے جوابات دینے والے طلبہ و طالبات میں نظریہ پاکستان کے حوالے سے خوبصورت کتابوں کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :