تل کی کاشت 15 جون سے شروع کرنے کی ہدایت

ہفتہ 13 جون 2015 18:18

راولپنڈی۔ 13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی نے کاشتکاروں کو تل کی کاشت 15 جون سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان نے کہاکہ تل کم دورانیہ کی اہم تیلدار فصل ہے اور اس کے بیجوں میں 50 فیصد سے زیادہ اعلیٰ خصوصیات کا حامل خوردنی تیل اور 22 فیصد سے زیادہ پروٹین کی مقدار پائی جاتی ہے۔ تل کے بیجوں سے تیار کردہ خوردنی تیل کی خصوصیات بہت حد تک زیتون کے تیل سے ملتی ہیں اور اس کا استعمال ادویات سازی اور بیکری مصنوعات میں بھی کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

کاشتکار تلوں کی کاشت کیلئے پنجاب میں منظور شدہ اقسام TH-6 ، TS-3 اور TS-5 کاشت کریں۔ تل کی بہتر پیداوار کیلئے کاشتکار اس کو 15جون سے 15 جولائی تک کاشت کریں۔ تلوں کی کاشت کیلئے زیادہ ریتلی اور سیم و تھور زدہ زمینیں موزوں نہیں ہیں۔ کاشتکار تلوں کی کاشت منظور شدہ اقسام، کھادوں کی فی ایکڑ مقدار، علاقوں کی مناسبت سے منظور شدہ اقسام کا چناوٴ اور پیداواری ٹیکنالوجی سے متعلق رہنمائی حاصل کرنے کیلے متعلقہ محکمہ زراعت کے ماہرین سے رابطہ کریں اور محکمہ زراعت پنجاب کی زرعی ہیلپ لائن 0800-15000 اور 0800-29000پر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک مفت کال کرسکتے ہیں۔