امام مسجد کے ذریعے انتخابی مہم پرمسجد میں گالم گلوچ

جی ٹین کیانی مارکیٹ میں امام مسجد نے نماز جمعہ کی امامت سے قبل بلدیاتی امیدوار افتخار برسہ کا تعارف کروانا شروع کر دیا مسجد کو سیاسی سرگرمیوں کی جگہ نہ بنایا جائے، افتخار برسہ سیکٹر میں جا کر خود ووٹ مانگیں ،بزرگ شہری کا اعتراض افتخار برسہ کے سیکیورٹی گارڈوں نے بندوقیں تان لیں، مشکل سے بیچ بچاؤ کرایا گیا ،مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی

ہفتہ 13 جون 2015 17:48

امام مسجد کے ذریعے انتخابی مہم پرمسجد میں گالم گلوچ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) نماز جمعہ کے دوران اپنی انتخابی مہم امام مسجد کے ذریعے چلوانے پر نمازیوں کے درمیان مسجد کے اندر ہی گالم گلوچ شروع ہو گئی ۔ گزشتہ روز سیکٹر جی ٹین کیانی مارکیٹ کی مسجد میں خطبہ جمعہ کے بعد امام مسجد نے امامت شروع کرنے سے پہلے شہریوں کا تعارف بلدیاتی امیدوار افتخار برسہ سے کروایا اور نمازیوں کو بتایا کہ افتخار برسہ نے مسجد کے لئے 20 ہزار روپے چندہ دیا ہے اور یہ بہت ہی نیک سیرت انسان ہیں ۔

(جاری ہے)

اس پر مسجد میں موجود ایک بزرگ شہری نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کو سیاسی سرگرمیوں کی جگہ نہ بنایا جائے ۔ افتخار برسہ سیکٹر میں جا کر خود ووٹ مانگیں ۔ ہمیں یہ بھی معلوم ہے ان کے جنرل سٹور پر کتنی خالص اشیاء فروخت ہوتی ہیں ۔ بزرگ شہری نے امام مسجد سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس مسجد کو خطیر رقم چندہ میں دی اور اپنی بیمار والدہ کے لئے دعا کی اپیل کی تو آپ نے انکار کر دیا ۔ بزرگ نے امام مسجد پر الزام عائد کیا کہ آپ نے پیسے لے کر ووٹوں کی مسجد میں اپیل کی ہے اس پر افتخار برسہ کے سیکیورٹی گارڈوں نے بندوقیں تان لیں اور مسجد کے اندر گالم گلوچ شروع ہو گئی تاہم بہت مشکل سے بیچ بچاؤ کرایا گیا اور مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی