بجٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے خطیر رقم مختص کر کے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں‘صوبہ سے غربت و افلاس اور اندھیروں کو ختم کر کے خوشحالی لانا وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے

صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی مختلف وفود سے گفتگو

ہفتہ 13 جون 2015 17:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سالانہ بجٹ 2015-16ء میں گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی جنوبی پنجاب کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے بجٹ میں خطیر رقم مختص کر کے ایک بار پھر جنوبی پنجاب کے لوگوں کے دل جیت لئے ہیں ،پاکستان کی تاریخ کے ہر دور میں مختلف جماعتوں اور رہنماؤں کی طرف سے جنوبی پنجاب کی پسماندگی کو محض سیاسی نعرے کے طور پر استعمال کیا گیا مگر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو ہمیشہ مقدم رکھا اور جنوبی پنجاب کی آبادی کے تناسب سے اس بار بھی زیادہ سے زیادہ فنڈ ز مختص کئے ہیں اور یہ روایت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئندہ بھی قائم رکھے گی۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو اپنے دفتر میں سیاسی کارکنوں اور این جی او ز کے نمائندہ وفودسے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان میٹروبس منصوبہ پر 26 ارب روپے، گیارہ اضلاع میں ’’صاف پانی پروگرام‘‘کے لئے 30 ارب روپے، بہاولپور میں قائد اعظم سولر پارک کے قیام کے لئے 150 ارب روپے ، دیہی علاقوں کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لئے 67 ارب روپے ، خواجہ فرید انجینئر نگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی رحیم یار خان ، ویٹرنری یونیورسٹی بہاولپور ، میڈیکل کالج بہاولنگر کے قیام کے علاوہ طیب اردگان ہسپتال کی 500 بیڈز تک توسیع جیسے منصوبوں پر 9 ارب 38 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

اسی طرح بہاولپور، بہاولنگر ، مظفر گڑھ اور راجن پور کے اضلاع سے غربت کے خاتمے کے لئے 4 ارب روپے کے منصوبوں کا اجراء جس سے غریب کو روزگار ملے گا اور ان کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ چولستان میں وزیر اعلی پیکج کے تحت خصوصی ترقیاتی پروگرام ایک ارب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا جا رہا ہے اور اسی طرح ڈی جی خان کے قبائلی علاقوں کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکج کے تحت 3 ارب 38 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی سفری و مال برداری سہولیات کے پیش نظر بہاولپور سے حاصل پو رتک 77 کلو میٹر تک ڈبل سڑک کی تعمیر پر 4 ارب 9 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ بلال یاسین نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اپنے دل میں غریبوں کے لئے درد رکھتے ہیں اور ان کا ویژن ہے کہ صوبہ سے غربت و افلاس اور اندھیروں کو ختم کر کے خوشحالی لائی جائے اور اس ویژن کے تحت بجٹ 2015-16ء تاریخ ساز بجٹ ہے اس سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو گا، غربت کا خاتمہ ہو گا ، بے روزگاروں کو باعزت روزگار ملے گا ۔