مادر وطن کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے‘ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی تقدیر بدلنے کا حامل منصوبہ ہے اس کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

ہفتہ 13 جون 2015 16:45

اسلام آباد ۔13جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مادر وطن کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے‘ پاکستان دوسری قوموں کے ساتھ امن کیلئے تعاون پر تیار ہے تاہم یہ ہمارے قومی مفادات ، خود مختاری ، حقوق اور قومی وقار کی قیمت پر نہیں ہوسکتا‘ چین پاک اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی تقدیر بدلنے کا حامل منصوبہ ہے اس کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے اس کی جو بھی قیمت ادا کرنی پڑے گریز نہیں کریں گے ۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق جنرل راحیل شریف نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ مسلح افواج تنہا نہیں جیت سکتی اس قومی کاز کیلئے پوری قوم کی طرف سے اتحاد کا مظاہرہ حوصلہ افزاء ہے ‘ پوری قوم دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے زیادہ سے زیادہ نتائج نکلے ہیں ‘ دہشتگرد دل برداشتہ اور منتشر ہو کر کارروائیاں کر رہے ہیں ‘ پا ک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے گودار بندر گاہ ، خطے کی ایک نہایت اسٹریٹجک ڈیپ سی بندر گاہ کے طور پر سامنے آئے گی اس کی ہر قیمت پر تعمیر کریں گے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ سے پورے خطے کے عوام کی حالت بدل جائے گی اس کے خلاف جاری مہم سے ہمیں خبردار رہنا ہوگااور اس کو شکست دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کے اپنے مادر وطن کے تحفظ کیلئے ہر قیمت ادا کرنے پر تیار ہیں خواہ وہ اپن مفادات کا دفاع ، کشمیر ، نئے پورٹس کی تعمیر اور قدرتی وسائل کا استحصال ہو اس کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کرینگے ۔آرمی چیف نے کہا کہ سلامتی کے حوالے سے ہمار ے خدشات کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے ‘ سیز فائر کی خلاف ورزی ، بلوچستان ، فاٹا اور کراچی میں خونریزی دشمن کے ناپاک ارادوں کا اظہار ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے بہترین کیڈٹ کو اعزازی شمیشر بھی دی ۔