قومی و بین الاقوامی مبصرین اور میڈیا کا گلگت بلتستان کے الیکشن کی شفافیت پر اعتماد عظیم کامیابی ہے، گلگت بلتستان میں پر امن الیکشن کا انعقا د اُن کے لئے بہت بڑا چیلنج تھا ، پاک فوج ، ایف سی ، جی بی سکاؤٹ اور مقامی انتظامیہ کی کاوشوں کوخراج تحسین پیش کرتاہوں ، ان اداروں کے احسن اقدامات کی وجہ سے سیکورٹی کو فول پروف بنایا گیا جس کی وجہ سے لوگوں میں اس سیاسی عمل میں شرکت کے لئے بھرپور اعتماد پیدا ہوا،کامیابی کے اس جشن کو جمہوریت کی کامیابی کے نام کرتا ہوں

گورنر گلگت بلتستان برجیس طاہر کاسانگلہ ہل میں جلسے سے خطاب

ہفتہ 13 جون 2015 16:14

سانگلہ ہل ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء ) گورنر گلگت بلتستان ووفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے سانگلہ ہل میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی و بین الاقوامی مبصرین اور میڈیا کا گلگت بلتستان کے الیکشن کی شفافیت پر اعتماد ایک عظیم کامیابی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پر امن الیکشن کا انعقا د اُن کے لئے بہت بڑا چیلنج تھا جس کو انہوں نے اللہ تعالیٰ کی کرم نوازی سے پاک فوج اور مقامی انتظامیہ کی مدد سے احسن طریقے سے سر انجام دیا ۔

انہوں نے پاک فوج ، ایف سی ، جی بی سکاؤٹ اور مقامی انتظامیہ کی کاوشوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے احسن اقدامات کی وجہ سے سیکورٹی کو فول پروف بنایا گیا جس کی وجہ سے لوگوں میں اس سیاسی عمل میں شرکت کے لئے بھرپور اعتماد پیدا ہوا۔

(جاری ہے)

گورنر گلگت بلتستان نے اس موقع پر گلگت بلتستان کے مختلف مکتبہ فکر کے علماء اور اُن کے پیروکار وں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مساجد بورڈ کے ذریعے امن و امان قائم رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا ۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاکہ الیکشن کے موقع پر امن و امان قائم رکھنا اُن کے فرائض منصبی میں شامل تھا جبکہ الیکشن کو صاف وشفاف بنانے میں الیکشن کمیشن یقینی طورپر مبارکباد کے مستحق ہے ۔ ایک ایسے ماحول میں جہاں ہر طرف دھاندلی کا واویلا کیا جارہا ہے ایسے میں ایک بلا اعتراض صاف و شفاف انتخاب بلاشبہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے جوکہ ملک کے دوسر ے حصوں کیلئے قابل تقلید ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج میں کامیابی کے اس جشن کو جمہوریت کی کامیابی کے نام کرتا ہوں ۔ ایسے صاف و شفاف اور پرامن انتخابات ملک میں نا صرف لوگوں میں سیاسی شعور و بالغ نظری کو اجاگر کریں گے بلکہ جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کا سبب بھی بنے گے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ اسی سیاسی شعور کا نتیجہ ہے کہ آج ملک کے طول و عرض میں عوام میاں نواز شریف کے ملک کے متعلق وژن سے بخوبی واقف ہوچکے ہیں ۔