کراچی، عادلانہ نظام کے ذریعے ہی چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہوسکتا ہے، رانا محمود علی خان

ہفتہ 13 جون 2015 16:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر رانا محمود علی خان اور جنرل سیکریٹری حافظ سلمان بٹ نے کہا کہ چائلڈ لیبر پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ طبقاتی نظام نے پورے معاشرے کو تباہ کردیا ہے۔ مہنگائی سے تنگ غریب والدین اپنے بچوں کو محنت اور مشقت کیلئے دھکیل دیتے اور ان معصوم بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کیا جاتا۔

اُنہوں نے کہا کہ 12 جون کو پوری دنیا میں انٹرنیشنل چائلڈ لیبر منایا جاتا ہے لیکن حکومت چائلڈ لیبر کے خلاف سخت قانون سازی اور معصوم بچوں سے جبری مشقت لینے پر احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کا بھی خاتمہ کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھوک اور غربت کی وجہ سے چائلڈ لیبر کے قوانین پر عملدرآمد نہیں ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت ملک سے غربت مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کرے تو چائلڈ لیبر اور بچوں کے ساتھ جبری مشقت کا خود بخود خاتمہ ہوجائے گا۔ غربت سے تنگ والدین پیٹ کی بھوک مٹانے کے لئے اپنے معصوم بچوں جبری مشقت لے رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جابرانہ اور ظالمانہ نظام کا خاتمہ ہی غریبوں کے مسائل کا واحد حل ہے۔ چائلڈ لیبر کا خاتمہ عادلانہ نظام کے ذریعے ہی ہوسکتا ہے۔ اس کے لئے ضرورت ہے کہ ملک میں خوف خدا رکھنے والے اور انصاف کرنے والے حکمراں اقتدار میں آئے اور ملک میں خوشحالی قائم کریں تاکہ کسی کا جگر گوشہ تعلیم سے محروم نہ رہے اور ملک سے غربت افلاس کا خاتمہ ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :