پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف دشمن کے عزائم کو خاک میں ملادینگے ‘ آرمی چیف

ہفتہ 13 جون 2015 16:04

راولپنڈی/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ناقابل برداشت ہیں ‘پوری دنیا ہمارے سیکورٹی خدشات سے آگاہ ہے ‘جنگ بندی کی خلاف ورزی اور بلوچستان ، قبائلی علاقوں اور کراچی میں خونریزی دشمن کے مذموم ارادوں کی عکاس ہے ‘مسلح افواج ملک کے مفادات کے تحفظ کیلئے خواہ کشمیر کا معاملہ ہو یا نئی بندرگاہوں کی تعمیریاپھر قدرتی وسائل سے استفادہ ‘کوئی بھی قیمت چکانے کیلئے تیار ہیں ‘ گوادر بندرگاہ خطے میں ایک انتہائی سٹرٹیجک اہمیت کی حامل بندرگاہ کے طور پر ہر قیمت پرتعمیر ہو گی۔

(جاری ہے)

نیول اکیڈیمی میں پاسنگ آوٴٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خطے کے عوام کی زندگیاں بدلنے کی صلاحیت کے حامل راہداری منصوبے کے خلاف دشمن کی مہم سے بخوبی آگاہ ہیں۔بری فوج کے سربراہ نے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ خطے میں ایک انتہائی سٹرٹیجک اہمیت کی حامل بندرگاہ کے طور پر ہر قیمت پرتعمیر ہو گی۔

بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ پوری دنیا ہمارے سیکورٹی خدشات سے آگاہ ہے ۔ جنگ بندی کی خلاف ورزی اور بلوچستان ، قبائلی علاقوں اور کراچی میں خونریزی دشمن کے مذموم ارادوں کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کیلئے دوسرے ممالک کے ساتھ تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے تاہم وہ ایسا اپنے قومی مفادات ، خودمختاری اور قومی وقار کی قیمت پر نہیں کرسکتا۔

راحیل شریف نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے،آپریشن ضرب عضب کے فیصلہ کن نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور دہشت گرد اب مایوسی میں اکا دکا کارروائیاں کر رہے ہیں۔راحیل شریف نے کہا کہ مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف تنہا جنگ نہیں جیت سکتیں اور یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ اس قومی مقصد کے حصول کیلئے پوری قوم سینہ سپر ہے۔آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے لیکن اس کے لئے قومی مفادات، خود مختاری اور وقار پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ناقابل برداشت ہیں، فاٹا اور کراچی کی صورتحال سے بھی دشمن کے ناپاک ارادے ظاہر ہوتے ہیں۔ یہ بات انتہائی لائق تحسین ہے کہ دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔