اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنا دوہرہ معیار ترک کرے ‘مسئلہ کشمیر پرقراردادوں کو عملی جامعہ پہنائے‘بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کرکے طاقت سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی کوششوں سے نیوکلیئر ایشیاء کا امن یرغمام بنا رکھاہے

آزاد کشمیر کے وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی عوامی وفود سے بات چیت

ہفتہ 13 جون 2015 15:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) آزاد کشمیر کے وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنا دوہرہ معیار ترک کرے اورمسئلہ کشمیر کے حوالے سے قراردادوں کو عملی جامعہ پہنائے۔ وزیر برقیات نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کرتے ہوئے طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی کوششوں سے نیوکلیئر ایشیاء کا امن یرغمام بنا رکھاہے۔

اقوام متحدہ سمیت امن پسند دنیا بھارت کو نیوکلیئر ایشیاء کا امن برباد کرنے سے باز رکھے۔ بھارتی حکمرانوں کے جارحانہ اقدامات نے برصغیر جنوبی ایشیاء کے امن کو سنگین خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔ بھارتی حکمرانوں کو غیر ذمہ دارانہ رویہ اس ریجن کے امن کو تہس نہس کر سکتا ہے اور عالمی برادری بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیاء کا امن مسئلہ کشمیر سے مشروط ہے۔

عالمی برادری جنوب مشرقی ایشیاء میں مستقل امن و خوشحالی کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل کروائے۔ راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بھارت بھی جان کے طاقت کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے اس کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے۔ بھارت نے اگر کشمیریوں کو جلد استصواب رائے کا حق نہ دیا تو بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

بھارتی حکمرانوں نے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا پبلک جلسوں میں وعدہ کیا۔ وزیر حکومت نے کہا کہ اب بھارت کے اندر سے بھی کشمیریوں کے حق خودارادیت دینے کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔ بھارت کو کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینا ہی پڑے گا۔ کشمیر پر غیر جابرانہ تسلط قائم رکھنا بھارت کے لیے ممکن نہیں رہے گا۔ وزیربرقیات اپنے آفس چیمبر میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔

اس موقع پر وزیر برقیات نے کہا کہ بھارت پاکستان میں سیاسی و معاشی عدم استحکام کی سازشیں کر رہا ہے۔ کشمیری عوام بھارت کے تمام مزموم ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے۔ آر پار کے کشمیری استحکام پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اہل کشمیر پاکستان کے استحکام ، بقاء اور سلامتی کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ بہا دیں گے۔