شام جنگجووٴں نے دروز اقلیتی برادری کے 20 افراد کو ہلاک کر دیا

ہفتہ 13 جون 2015 14:20

دمشق۔13جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) شام میں جنگجووٴں نے دروز اقلیتی برادری کے 20 افراد کو ہلاک کر دیا۔ شام کے شمال مغربی علاقے میں القاعدہ سے منسلک شدت پسندوں نے اقلیتی فرقے دروز سے تعلق رکھنے والے کم ازکم 20 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔اس امر کا اعلان انسانی حقوق کی ایک تنظیم اور شام میں حزب مخالف کے ایک دھڑے نے کیا۔

(جاری ہے)

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ قلب لوزہ گاوٴں میں نصرہ فرنٹ کے جنگجووٴں نے ایک حکومتی عہدیدار کے گھر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جس دوران گولی لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

وہاں موجود ایک شخص نے جنگجو سے بندوق چھین کر فائرنگ کر دی جس سے نصرہ فرنٹ کا جنگجو ہلاک ہوگیا۔آبزرویٹری کے مطابق شدت پسند تازہ کمک کے ساتھ علاقے میں پہنچے اور اندھا دھند فائرنگ کر کے کم ازکم بیس افرادکو ہلاک کر دیا۔مغرب کے حمایت یافتہ شامی حزب مخالف کے اتحاد نے کہا ہے کہ "دروز برادری سے تعلق رکھنے والے درجنوں نوجوان" اس حملے میں مارے گئے۔

متعلقہ عنوان :