فاٹا کے نوجوانوں کو مشرقی وسطیٰ کے ممالک میں روزگار فراہم کیا جائیگا ‘ گور نر خیبر پختونخوا

ہفتہ 13 جون 2015 14:07

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی یوتھ ایمپلائمنٹ سکیم کے تحت قبائلی علاقوں سے پانچ ہزار بے روزگار نوجوانوں کو مشرقی وسطیٰ کے ممالک جن میں سعودی عرب، دوبئی اور قطر شامل ہیں بھیجا جائیگا جس کیلئے فاٹا ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے دو کروڑ ساڑھے باسٹھ لاکھ روپے نان اے ڈی پی سکیم کے تحت منظور کردئیے ہیں جن سے پہلے مرحلے میں فاٹا کے 350نوجوان بیرون ملک بھیجے جائیں گے۔

ایک بیان میں گورنر نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف نے فاٹا سے تعلق رکھنے والے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے یوتھ ایمپلائمنٹ پیکیج کا اعلان کیاہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں فاٹا کے نوجوانوں کو مشرقی وسطیٰ کے ممالک میں روزگار فراہم کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ان نوجوانوں میں فاٹا میں قائم مختلف تربیتی سنٹروں میں زیر تربیت نوجوان بھی شامل ہونگے۔

انہوں نے کہاکہ اس پیکیج کے تحت تقریباً 5000افراد کو مشرقی وسطیٰ کے ممالک سعودی عرب، دوبئی اور قطر میں مختلف کاروباری اداروں میں روزگار فراہم کیا جائیگا اور اس سلسلے میں پاکستان آرمی ڈیٹا اکھٹا کر رہی ہے۔

گورنر سردار مہتاب احمد خان نے کہاکہ فاٹا یوتھ ایمپلائمنٹ پیکج کے نفاذ کیلئے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کی غرض سے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن میں فاٹا نوجوانوں کو مشرقی وسطیٰ کے ممالک میں روزگار کیلئے بھیجوانے کے تمام امور شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روانگی سے قبل تمام لوازمات پورے کئے جا رہے ہیں جن میں پاسپورٹ کی تیاری ، میڈیکل، ویکسی نیشن، ویزا، نادرا کارڈ کی تیاری ، ہوائی جہاز کا ٹکٹ وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہر نوجوان پر اٹھنے والے اخراجات کا 75 فیصد خرچہ ایف ڈی ڈبلیو پی برداشت کریگی جبکہ باقی 25فیصد رقم پاک فوج کے ذرائع سے فراہم کیا جائیگا۔

دریں اثناء گورنر سردار مہتاب احمد خان نے پاک فوج کی جانب سے فاٹا کے بے روزگار نوجوانوں کو بیرونی ممالک میں روزگار کی فراہمی کے لئے شروع کردہ فاٹا یوتھ ایمپلائمنٹ پیکیج کو سراہتے ہوئے اسے فاٹا کے نوجوانوں کیلئے انتہائی سود مند منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے فاٹا کے بے روزگار نوجوانوں کو با عزت روزگار کے مواقع فراہم ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے نوجوانوں نے نہ صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں بلکہ امن و امان کی بحالی اور فاٹا کی تعمیر نو میں بھی فوجی جوانوں کی کوششیں اور قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ روزگار کی فراہمی کی یہ نئی سکیم فاٹا کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے مثبت نتائج برآمد ہو نگے اور قبائلی عوام اپنے بچوں کو بیرونی ممالک میں بہتر روزگار ملنے پر خوشی اور اطمینان محسوس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ذریعہ آمدن ملنے سے قبائلی نوجوانوں اور انکے خاندانوں کی معیار زندگی بہتر ہو سکے گی۔ گورنر نے کہاکہ حکومت قبائلی عوام کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کریگی اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی۔

متعلقہ عنوان :