کاشتکاروں کو کالی زیری کی کاشت بروقت شروع کرنے کی ہدایت

ہفتہ 13 جون 2015 13:18

فیصل آباد ۔13 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے کاشتکاروں کو کالی زیری کی کاشت بروقت شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کالی زیری طبی خواص رکھنے والا ایک انتہائی اہم ادوایاتی پودا ہے جس کے پتے اور جڑیں مختلف بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتے ہیں جبکہ کالی زیری کا بیج کا پیٹ کی مختلف بیماریوں کے علاج میں بھی استعمال ہوتا ہے لہٰذا اس کی کاشت جون میں شروع کر کے وسط جولائی تک مکمل کر تے ہوئے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کالی زیری کی کاشت کیلئے زمین کو 5سے6مرتبہ ہل و سہاگہ چلا کر اچھی طرح تیار کر لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ زمین کی ذرخیزی کیلئے 10سے12گڈے گوبر کی گلی سڑی کھاد زمین میں اچھی طرح ملا دینی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ کالی زیری کی کاشت کیلئے شرح بیج اڑھائی سے تین کلو گرام فی ایکڑ رکھنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کھیت میں ڈیڑھ سے دو فٹ کے فاصلے پر کھیلیا ں بنا کر ان کے سروں پر 9انچ کے فاصلے سے بیج کی چٹکیاں لگائیں اور بروقت آبپاشی کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے حاصل کی جا سکتی ہیں ۔