صدام کے نائب کا جسد خاکی عراق سے اردن منتقل

ہفتہ 13 جون 2015 13:10

عمان( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء )عراق کے سابق نائب صدر اور صدام حسین کے دست راست طارق عزیز کے گذشتہ دنوں عراق کے ایک فوجی اسپتال میں انتقال کے بعد ان کی میت آخری رسومات کی ادائی کے لیے اردن منتقل کردی گئی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق 10 بجے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے طارق عزیز کی میت بغداد سے عمان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچائی گئی۔

اردنی حکومت کے ایک ذریعے کے مطابق طارق عزیز کی میت عمان کے ایک اسپتال میں منتقل کی گئی ہے اس سے قبل اردن میں متعین عراقی سفیر جواد ہادی عباس نے بھی طارق عزیز کی میت کی عمان منتقلی کی خبروں کی تصدیق کی تھی تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی خاص وقت بتانے سے گریزکیا تھا۔

(جاری ہے)

اردن اور عراق کے ذرائع ابلاغ بھی طارق عزیز کی میت کی عمان منتقلی کے بارے میں خبریں دیتے رہے ہیں تاہم میت کب منتقل کی جائے گی اس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی۔

میڈیا رپورٹس میں توقع ظاہر کی گئی تھی کہ طارق عزیز کی میت جمعرات کے روز اردن منتقل کی جائے گی۔عراقی سفیرنے "العربیہ" کو ٹیلیفون پربتایا تھا کہ طارق عزیز کی میت محفوظ ہے اور جلد ہی اسے اردن میں موجود اس کے اہل خانہ کے حوالے کیا جائے گا جہاں دوسرے ملک ہی میں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا