نابلس، فلسطینیوں کی احتجاجی ریلی پراسرائیلی فوجیوں کی آنسو گیس کی شیلنگ ، لاٹھی چارج،5 مظاہرین زخمی

ہفتہ 13 جون 2015 12:27

نابلس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء) فلسطینی مقبوضہ شہر نابلس میں یہودی کالونیوں کی وجہ سے پچھلے 13سال سے بند مرکزی شاہراہ کے کھولے جانے کیلئے نکالی گئی فلسطینیوں کی ریلی پر اسرائیلی فوجیوں نے آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق نابلس میں کفر قدومیم نامی یہودی کالونی کئی سال قبل تعمیر کی گئی تھی، اس کالونی کی آڑ میں صہیونی فوجیوں نے شہر کی مرکزی شاہراہ پچھلے 13سال سے بند کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کوسخت مشکلات پیش آرہی ہیں، فلسطینی شہر ہر ہفتے سڑک کھولے جانے کے حق میں ریلیاں اور جلسے جلوس منعقد کرتے ہیں۔

مقامی سماجی کارکن مراد اشتیوی نے بتایا کہ صہیونی فوج نے اجتماع کے بعد نکالی گئی پرامن ریلی پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے ان میں سے ایک 20 سالہ محمد ماجد نامی شہری کے پیٹ میں ربڑ کے خول میں لپٹی دو دھاتی گولیاں لگیں جس کے نتیجے میں اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریلی میں شریک ابراہیم موسیٰ، محمد نضال اور ایمن فاروق کو بھی گولیاں لگیں جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئے۔

درجنوں افراد آنسو گیس کی شیلنگ سے دم گھٹنے سے بھی متاثر ہوئے ہیں۔عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف پرامن فلسطینی ریلی کو نشانہ بنایا بلکہ ایمبولینسوں اور طبی عملے کو زخمیوں تک گھنٹوں رسائی بھی نہیں دی گئی جس کے باعث زخمیوں کی حالت مزید خراب ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :