آذربائیجان کے صدر نے دارالحکومت باکو میں ہونے والی ایک رنگا رنگ تقریب میں پہلے یورپیئن کھیلوں کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 13 جون 2015 11:55

آذربائیجان کے صدر نے دارالحکومت باکو میں ہونے والی ایک رنگا رنگ تقریب ..

باکو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جون۔2015ء)آذربائیجان کے صدر نے دارالحکومت باکو میں ہونے والی ایک رنگا رنگ تقریب میں پہلے یورپیئن کھیلوں کا افتتاح کر دیااس موقع پر ایک دیو قامت انار کو پیش کیا گیا جو فراوانی اور محبت کی علامت سے تعبیر ہے۔امریکی پاپ سٹار لیڈی گاگا نے بھی یوروپیئن گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔17 دنوں تک جاری رہنے والے ان کھیلوں میں تقریبا چھ ہزار ایتھلیٹ شرکت کر ینگے یورپین اولمپک کمیٹی (ای او سی) کے سربراہ پیٹرک ہیکی نے اسے ایک ’سنگ میل اور یادگار لمحے‘ سے تعبیر کیا کھیلوں کی میزبانی آذربائیجان کو دیے جانے پر ای او سی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

آذربائیجان وہ واحد ملک تھا جس نے ان کھیلوں کی میزبانی حاصل کرنے کی پیش کش کی تھی تاہم اس ملک میں انسانی حقوق کے ریکارڈ کی وجہ سے یہ تنقید سامنے آ رہی ہے۔

(جاری ہے)

آذربائیجان کے بہت سے ناقدین جیل میں ہیں ‘ انسانی حقوق کے بین الاقوامی اہلکاروں اور بعض میڈیا کے نمائندوں کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ۔دوسری جانب باکو نے انسانی حقوق کی پامالی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک اس ایونٹ کو سیاسی رنگ دینا چاہتے ہیں۔

مسٹر ہیکی نے انسانی حقوق کی بات تو نہیں کی تاہم انھوں نے کہا کہ کھیل میں مثبت تبدیلیاں لانے کی انوکھی صلاحیت ہے۔آذربائیجان کے روایتی حریف آرمینیا کے وفد کی آمد پر ناظرین کی جانب سے اظہار ناپسندیدگی کے علاوہ اس تقریب سے سیاست تقریبا غائب تھی۔شو کی خصوصیات میں آذربائیجان کی تہذیب و ثقافت کا جشن پیش کیا گیا جس میں یونانی دیوتا زیئس کی نمائندگی کرنے والے سانڈ کے علاوہ رقاصاوٴں کے ذریعے ایک بہت بڑا آذری پرچم بنانا، ایک بہت بڑے انار کا پھٹنا اور اس میں سے دانے کا نکلنا شامل تھا۔

لیڈی گاگا کی تقریب میں شرکت غیر متوقع طور پر ہوئی اور انھوں نے جان لین کا معروف گیت ’ایمیجن‘ پیش کیا۔آذربائیجان کے صدر الہام علییو نے باکو کے سٹیڈیم میں مشعل روشن کر کے ان کھیلوں کا افتتاح کیا اس موقع پر ان کے ساتھ کئی سربراہان مملکت تھے جن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان وغیر شامل تھے۔ان کھیلوں میں کوسو بھی پہلی بار اپنے پرچم کے ساتھ موجود تھا۔ یورپ کے 50 ممالک 28 جون تک ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ای او سی نے کہا کہ کھیل کی دنیا کے کیلنڈر میں یہ ایونٹ بھی ایشیائی کھیلوں کی طرح ایک اہم مقام حاصل کرے گا۔