لاہور سے گرفتار تھائی باشندوں کا تعلق داعش سے ہے نہ کسی جرائم پیشہ تنظیم سے کوئی روابط ہیں‘ترجمان تھائی لینڈ حکومت

لاہور ائیر پورٹ پر پیش آنیوالے واقعے کے حوالے سے تفتیش کرنے کیلئے کراچی سے ایئرپورٹ سکیورٹی اہلکاروں کا وفد لاہور پہنچ گیا

جمعہ 12 جون 2015 23:14

لاہور سے گرفتار تھائی باشندوں کا تعلق داعش سے ہے نہ کسی جرائم پیشہ تنظیم ..

بنکاک /لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ) تھائی لینڈ کے حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسلحہ لے کر تھائی لینڈ جانے والے طیارے پر سوار ہونے کی کوشش کرنے والے تھائی باشندوں کا تعلق نہ تو داعش سے ہے اور نہ ہی کسی جرائم پیشہ تنظیم سے ان کے کوئی روابط ہیں،جبکہ دوسری طرف لاہور ائیر پورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے تفتیش کرنے کیلئے کراچی سے ایئرپورٹ سکیورٹی اہلکاروں کا وفد لاہور پہنچ گیا ۔

تھائی لینڈ کے پانچ باشندوں کو 8جون کو لاہور ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کر لیا تھا جب وہ طیارے میں سوار ہونے کے لیے آخری رکاوٹ کو عبور کرنے والے تھے۔گرفتار ہونے والے نوجوان سوات کے ایک مدرسے میں زیر تعلیم تھے۔برطانوی نشریاتی ادارے نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ تھائی لینڈ کی حکومت نے بینکاک کے مقامی اخبار کی اس رپورٹ کے بعد بیان دیا جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ گرفتار ہونے والے پانچ نوجوانوں میں دو کا تعلق شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ ہے۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ پانچ افراد لاہور سے تھائی ایئرویز کی پرواز پر سفر کرنے کے لیے چیک ان کر رہے تھے جب اے ایس ایف کے اہلکاروں نے ان میں سے ایک شخص کے سامان سے ایک 32 بور کا پستول اور گولیاں برآمد کیں جس کے بعد ان کو گرفتار کر لیا گیا۔ایئر پورٹ سکیورٹی اہلکار کے مطابق یہ پانچ افراد سکیورٹی کا پہلا کاؤنٹر بغیر کسی مسئلے کے عبور کر چکے تھے جہاں نہ صرف ایئر پورٹ سکیورٹی کے افسران موجود ہوتے ہیں بلکہ اینٹی نارکوٹکس فورس اور پاکستان کسٹمز کے اہلکار بھی تعینات ہوتے ہیں ۔

ان کے مطابق اسلحہ آخری سکیورٹی کاؤنٹر سے پکڑا گیا جو روانگی لاؤنج سے بالکل پہلے ہے جس کے بعد مسافر طیارے میں سوار ہو سکتے ہیں اہلکار نے مزید بتایا کہ پستول اور گولیوں کواس قسم کے سلور فوئل میں لپیٹ کر چھپایا گیا تھا جس میں عام طور پر کھانے کی اشیا ء سٹور کی جاتی ہیں اس حوالے سے تفتیش کرنے کیلئے کراچی سے ایئرپورٹ سکیورٹی اہلکاروں کا وفد لاہور پہنچ چکا ہے جو کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ بھی لے گا تاکہ پتہ لگایا جا سکے کہ یہ افراد پہلا سکیورٹی کاؤنٹر کیسے عبور کر گئے ۔

ایئرپورٹ حدود کے سرور روڈ تھانے کے پولیس اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اس بات کی تصدیق کی کہ ان پانچ مشتبہ افراد کے خلاف غیر قانونی اسلحہ لے کر جانے کے جرم میں ایف آیی آر درج کی گئی تھی لیکن انہیں فوری حساس سکیورٹی اداروں نے اپنی تحویل میں لے لیا۔