صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7.5% اضافہ کو مسترد کرتے ہیں پنجاب پیر ا میڈیکس الائنس

حکومت پنجاب نے صوبائی بجٹ میں بھی غریب عوام اور سرکاری ملازمین کی کمر توڑ دی ہے‘رہنماؤ ں کا مشترکہ بیان

جمعہ 12 جون 2015 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ) پنجاب پیرا میڈیکس الائنس کے صوبائی چیئر مین ملک منیر احمد اور ترجمان/ڈویژنل آرگنائزر شعیب انور چوہدری نے کہا کہ امسال وفاقی بجٹ غریب دشمن ہے،7.5% اضافہ سرکاری ملازمین کے منہ پرطمانچہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے،صوبائی حکومت کو چاہیئے تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرتی ،مگر حکومت پنجاب نے صوبائی بجٹ میں بھی غریب عوام اور سرکاری ملازمین کی کمر توڑ دی ہے،اگر ارکانِ اسمبلی کی تنخواہوں میں 100% اضافہ ہو سکتا ہے تو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100%اضافہ کیوں نہیں کیا گیا۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاگر پرائیویٹ وفاقی سیکرٹریز کی تنخواہیں بڑھائی گئی ہیں تو غریب سرکاری ملازمین کی کیوں نہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی بجٹ اس سے سرا سر عوام دشمن اور سرکاری ملازمین کے خلاف ہے۔ پنجاب پیرا میڈیکس الائنس صوبائی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100%اضافہ ضرور کیا جائے۔

یا پھر مزدور کی تنخواہ 30,000روپے مقرر کی جائے۔ کیونکہ غریب ملازمین جو کہ موجودہ مہنگائی سے سخت پریشان ہیں ان کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ ہونا ضروری ہے۔ ملک میں لوگ بے روز گاری اور مہنگائی سے تنگ آ کر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ جبکہ حکمران عیش و عشرت کی زندگی گزارتے پر مصروفِ عمل ہیں۔ شعیب انور چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی بنیادی ضرورت صحت کے لئے صوبائی بجٹ میں صرف 166 ارب 13 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جو کہ اتنے بڑے صوبہ پنجاب کی آبادی کے لحاظ سے ناکافی ہیں حکومت کو چاہیئے تو یہ تھا کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے صحت کی مد میں زیادہ بجٹ رکھتی۔

مگر حکومت کی ترجیحات میں شعبہ صحت کی شاید اتنی اہمیت نہ ہے۔ جتنی کہ سڑکوں اور میٹرو کی ہے۔ اگر عوام تندرست اور توانا ہوں گے تو تب ہی وہ سڑکوں اور میٹرو میں سفر کر سکیں گے۔اگر حکومتِ پنجاب نے صوبائی بجٹ میں پیرا میڈیکس اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ نہ کیا تو مجبوراً تمام سرکاری ملازمین سڑکوں پر ہوں گے۔