امانت میں خیانت کی ملزمہ کے وارنٹ گرفتاری جاری‘ شریک ملزم کی ضمانت خارج

جمعہ 12 جون 2015 22:24

لاہور اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منظور احمد ملک نے امانت میں خیانت کی ملزمہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے جبکہ شریک ملزم کی ضمانت خارج کردی ،ضمانت خارج ہونے پر ملزم پرویز خان کو پولیس نے کمرہ عدالت سے نکلتے ہی گرفتار کرلیا۔گزشتہ روز ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر درخواست میں مدعی ملک ارشد نے بتایا کہ ملزمان نے معاہدے کی خلاف ورزی کی اور بقایا رقم کی ادائیگی سے انکاری ہیں جبکہ ملزمہ رافیہ خان امریکہ فرار ہوچکی ہے۔

رافیہ خان اور اس کے خاوند پرویز خان کیخلاف 54 لاکھ روپے رکھے گئے بطور امانت میں خیانت کا مقدمہ تین ستمبر 2013 کو تھانہ وحدت کالونی میں درج کیا گیا۔گلبرگ میں واقع جائیداد کی خریداری کیلئے رافیہ خان کے پاس 54 لاکھ روپے بطور امانت رکھے۔

(جاری ہے)

جائیداد کا سودا نہ ہونے کی بنا پر واپسی کا تقاضا کیا تو ملزمان نے لیت ولعل سے کام لینا شروع کردیا۔ماتحت عدالت نے مورخہ سات نومبر کو ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کی ۔

ہائیکورٹ نے صلح نامے کی بناء پر ملزمان کی عبوری ضمانت لی۔مگر ملزمان نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی لہذا ضمانت منسوخ کی جائے۔ملزم پرویزخان کے وکیل نے کہا کہ وہ رقم کی ادائیگی کی کوشش کررہے ہیں جس پر مدعی ملک ارشد کے وکیل نے کہا کہ یہ صرف وقت حاصل کرنے کیلئے بہانے بازی کررہے ہیں۔فاضل عدالت نے ملزم پرویز خان کی ضمانت خارج کردی اور ملزمہ رافیہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔