ناہید خان کاپنجاب سمیت ملک بھرمیں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی ورکرز کے پلیٹ فارم سے حصہ لینے کا اعلان

بلاول کو زرداری کے زیرسایہ سیاست کرنے پر پذیرائی نہیں ملے گی ،آصف زرداری حقیقی معنوں میں بھٹو نظریئے سے متفق ہیں تو خاندان سمیت پارٹی معاملات سے فورا پیچھے ہٹ جائیں ، پریس کانفرنس

جمعہ 12 جون 2015 21:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے پنجاب سمیت ملک بھرمیں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی ورکرز کے پلیٹ فارم سے حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ بلاول کو زرداری کے زیرسایہ سیاست کرنے پر کبھی پذیرائی نہیں ملے گی اگر آصف زرداری حقیقی معنوں میں بھٹو نظریے سے متفق ہیں تو وہ اپنے خاندان سمیت پارٹی معاملات سے فورا پیچھے ہٹ جائیں ، بلاول کوبھی اپنے نانا اور والدہ کی روایات کے عین مطابق سیاست کرنا ہوگی ۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سابق انچارج ابن رضوی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھی، ناہید خان کا کہناتھاکہ راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں اپنی شہید قائد کی سالگرہ منانے کا مقصد کارکنوں کو یاد کرواناہے کہ ان کی پارٹی کو نظریاتی کارکنوں کی جتنی آج ضرورت ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی ، زرداری کی سیاست نے پارٹی کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑاکردیاہے ، زرداری اور نواز شریف دونوں مخصوص مافیا کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں دونوں کی سیاست عوام کے لیے نہیں ، بلکہ انکی ترجیحات کوئی اور ہی ہیں، بی بی کا بھائی بننے والے نواز شریف کی حکومت کو دوسال ہوگئے مگر انھوں نے بھی بی بی کے قتل کیس میں تفتیش نہیں کروائی ، انھوں نے بھی زرداری کی طرح مافیاسے سازباز کر لی ہے ، جبکہ بی بی کی سوچ پاکستان اور اسکی عوام کے گرد گھومتی تھی ، موجودہ پیپلزپارٹی صرف زرداری لیگ ہے ، ہم جو آٹھ سال سے کہہ رہے تھے آج وقت نے ثابت کر دیا کہ ہم درست تھے ، اب زرداری کی پارٹی کو امیدوار ہی نہیں مل رہے ہیں ،کارکنوں کی خواہش کے مطابق پی پی پی ورکرز کی بنیاد رکھی ہے ، بلدیاتی الیکشن میں جو کچھ ہوا ، بی بی اور بھٹو کی روحیں قبرمیں تھڑپ اٹھی ہونگی ، لہذااب ہم نے طے کیاہے کہ متوقع بلدیاتی الیکشن ہم ہر سیٹ سے حقیقی جیالوں کو کھڑا کریں گے ، کے پی کے میں ہم نے ایک امیدوار کو تجرباتی طورپر کھڑاکیاتھا، جس نے کامیابی حاصل کی ہے ، اب ہم پنجاب سمیت ملک بھرمیں اپنے امیدوار کھڑا کریں گے ، سچ یہی ہے کہ ہر جیالابھٹوہے اور بے نظیر بھٹوہے ، پارٹی کا پرچم گرنے نہیں دیں گے ہمیشہ پارٹیاں ہی لیڈر بناتی ہیں ، جیلیں کاٹنے ، کوڑے کھانے ،سزائیں بھگتنے اوردن رات ایک کر کے بھٹو کا فلسفہ پھیلانے والے ہی لیڈ رہیں ، بلاول بھٹو اگر زرداری کے بوجھ کے ساتھ سیاست کریں گے تو پھر وہ بھول جائیں کہ انھیں پذیرائی ملے گی ، ہم پہلے بھی کہتے تھے کہ زرداری پارٹی معاملات سے الگ ہوں اب بھی یہی کہتے ہیں کہ زرداری اپنے خاندان سمیت پارٹی معاملات سے الگ ہوجائیں تاکہ بھٹوکے فلسفے کے مطابق عوام میں جاکر عوام کے لیے سیاست کی جاسکے ، ہم تو جب تک زندہ ہیں اپنافرض اور بی بی سے کیاجانے والا وعدہ نبھاتے رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :