صوبہ بھر کے عوام کی نظریں قومی وطن پارٹی پر لگی ہوئی ہیں، سکندر حیات شیرپاؤ

تمام اضلاع میں پارٹی کی تنظیموں کو مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ عوام کے ساتھ رابطے کو مزید مضبوط و موثر بنایا جا سکے،پارٹی کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 12 جون 2015 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) قومی وطن پارٹی کی صوبائی کابینہ کا اجلاس پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ کے زیر صدارت وطن کورپشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی کابینہ کے ممبران کے علاوہ زونز کے چیئرمین اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور اور حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور سیاسی صورتحال پر سیر حاصل بحث کی گئی ۔

شرکائے اجلاس نے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی اور ووٹ بنک میں مزید اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کے عوام کی نظریں قومی وطن پارٹی پر لگی ہوئی ہیں۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں پارٹی کی تنظیموں کو مزید فعال بنایا جائے گا تاکہ عوام کے ساتھ رابطے کو مزید مضبوط و موثر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں شدیدبد نظمی اور دھاندلی کے باوجود قومی وطن پارٹی کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی ہے اور ووٹ بنک میں مزیداضافہ ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پختون عوام کے آئینی حقوق کے حصول ،تحفظ اور خوشحالی قومی وطن پارٹی کی سیاست کا محور ہے اور ان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیا جائے گا۔اجلاس میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں جاں بحق ہونے والے پارٹی کارکنوں کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے بلدیاتی الیکشن کے دوران ضلع سوات میں پارٹی کارکنوں اورضلع پشاور کے پارٹی چیئرمین ابرارخلیل اور دیگرکارکنوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف درج بے جا مقدمات کی مزمت کی گئی اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،صوبائی سینئروائس چیئرمین بخت بیدار خان،انفارمیشن سیکرٹری طارق احمد خان،وائس چیئرمین نرگس ثمین اور ابرار سعید کے علاوہ سیکرٹری سوشل میڈیا نسرین خٹک،سیکرٹری آدب و ثقافت ڈاکٹر عالم یوسفزئی،پشاور زون کے چیئرمین و جنرل سیکرٹری خالد خان،کفایت علی ایڈوکیٹ،سیکرٹری پولیٹیکل ٹریننگ اسد آفریدی،جنوبی زون کے چیئرمین و جنرل سیکرٹری عدنان وزیر اور محمود الاسلام ایڈوکیٹ ،ملاکنڈ زون کے چیئرمین و جنرل سیکرٹری فضل رحمان نونو اور صدیق علی خان نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :