آئی ٹی سیکشن آفیسر مستقلی کیس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے رپورٹ طلب

جمعہ 12 جون 2015 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکشن آفیسر کو مستقل کرنے کے حوالے سے دائر کیس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو رپورٹ جمع کر ا نے کا حکم دے دیا گزشتہ روز جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سیکسن آفیسر کو ہدایت الله بھٹانی کی جانب سے دائر کیس کی سماعتکی‘ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ ظفر الله خان جبکہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے رانا نصرت عباسی عدالت میں پیش ہوئے‘ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی ملازمتوں میں 10 فیصد صوبائی حکومت کا کوٹہ ہے انہوں نے کہا کہ ہدایت الله بھٹانی فیڈرل پبلک سروسز کمیشن کے ذریعے امتحان پاس کرکے گریڈ اٹھارہ میں سیکشن آفیسر معین ہوئے‘ 2010 ء میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزیراعظم سے منطور لے کر صرف اپنے منظور نظر 21 بندوں کو مستقل کیا‘ جبکہ سینیارٹی اورمیرٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے میرے موکل کو سیٹیں ہونے کے باوجود مستقل نہیں کیا گیا‘ انہوں نے کہا کہ 2014 ء میں بھی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے منظوری لینے کے باوجود صرفاپنے من پسند لوگوں کو ملازمت پر مستقل کیاگیا‘ انہوں نے کہا کہ میرا موکل قانون کے تحت مستقلی چاہتا ہے‘ بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو جواب جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔