مودی کے غیر ذمہ دارانہ بیانات خطے میں امن کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش، نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، شیخ روحیل اصغر

جمعہ 12 جون 2015 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء)ممبر قومی اسمبلی وچیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع الحاج شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ 1971ء میں بنگلہ دیش کے قیام میں بھارت کے کردار کے اعتراف اور برما کے مسلمانوں کے حوالے سے پاکستان کیخلاف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے غیر ذمہ دارانہ بیانات خطے میں امن وامان کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش ہے جس کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

مودی کو معلوم ہونا چاہئے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور اس کو دلیر اور ذہین سپ سالار روحیل شریف کی خدمات حاصل ہیں اگر مودی نے پاکستان کو کسی آزمائش میں ڈالا تو اس کا تمام تر غرور اور تکبر خاک میں ملادیا جائے گا۔ بھارت کے مذموم عزائم کیساتھ پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا نریندر مودی ہوش کے ناخن لے اور متکبرانہ طرز عمل سے باز رہے ۔اس موقع پر خرم روحیل اصغر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن وامان اور ہمسایہ ملکوں سے دوستاننہ تعلقات کا خواہاں رہاہے لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ اس خواہش کو ہماری کمزوری سمجھا جائے اگر کسی نے پاک وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو ایسا سبق سکھادیا جائیگا جو تاریخ کبھی فراموش نہ کرسکے گی۔ پاکستانی عوام ملکی سلامتی اور بقاء کیلئے پاک فوج کیساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔