Live Updates

اپنی حکومت میں خوف زدہ اور گھر سے نہ نکلنے والے لیڈران پی ٹی آئی حکومت میں کھلی سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، جمشید الدین کا کا خیل

تحریک انصاف کی حکومت دہشت گردی کے خاتمے،صوبے میں امن بحالی اور جمہوری نظام کو مستحکم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے،صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن

جمعہ 12 جون 2015 20:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن و انسدادمنشیات اور ضلعی صدر پی ٹی آئی نوشہرہ میاں جمشدید الدین کا کا خیل نے ممبران اسمبلی کے10رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اور سیاسی معاملات اسمبلی فلور یا مذاکرات کی میزپر حل کئے جاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے غیر فطری سہ فریقی اتحاد عوام کی خوشحالی اور صوبے کی انقلابی تعمیر و ترقی برداشت نہیں کرسکتا اور موجودہ حکومت کے لئے مشکلات پیدا کرنے کیلئے وفاقی حکومت کے اشاروں پر ناچ رہا ہے لیکن نام نہادلیڈروں کو صوبے کے غیور عوام اور تاجربرادری نے ہڑتال اور احتجاجی ریلی میں عدم شرکت کر کے مایوس کر دیا ہے اور اب وہ احساس محرومی و کمتری کے عالم میں غیر ضروری سیاسی ضد پرتلے ہوئے ہیں جو کبھی بھی اپنے مذمو م عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخاب میں کامیاب ڈسٹرکٹ کونسلر لیاقت خٹک کی الیکشن کمیشن کے سامنے بے گناہی ثابت کرنے پر تحریک انصاف نے اصولی فتح حاصل کی ہے جس سے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مسترد ہوئے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے غیور عوام نے دوسروں کے ایجنٹ اور مفاد پرست ٹولے کو پہچان کربرملا مایوس کر دیا ہے لیکن ہم صوبے کے سیاسی ماحول کو خوشگواررکھنے کیلئے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں تاکہ موجودہ غیر ضروری سیاسی ایشوافہام وتفہیم کے ذریعے حل ہوسکے۔حالانکہ سہ فریقی اتحاد نے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے دوران نظام کو سبوتاژکرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کیاتھا جوکسی سے پوشیدہ نہیں پھربھی الٹاچور کوتوال کوڈانٹے کا سبق دہراتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات