اسلامیہ کالجیٹ سکول پشاور کے ٹرائبل ہاسٹل میں مسجد تقویٰ کے نام سے تعمیر کی جانیوالی نئی مسجد کا افتتاح ہوگیا

مسجد کی تعمیر سے طلباء ،دیگر عملہ کی دیرینہ مذہبی و روحانی ضرورت پوری ہوئی ، اسلامیہ کالجیٹ معمولی تعلیمی ادارہ نہیں ،خیبر پختونخوا میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے،،وائس چانسلرپروفیسراجمل خان

جمعہ 12 جون 2015 18:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر اجمل خان نے اسلامیہ کالجیٹ سکول پشاور کے ٹرائبل ہاسٹل میں مسجد تقویٰ کے نام سے تعمیر کی جانے والی نئی مسجد کا افتتاح کیا۔اس موقع پر اسلامیہ کالجیٹ کے پرنسپل سید شبیر احمد وائس پرنسپل مصری خان، جونئیر سیکشن کے ہیڈ ماسٹر ملک محمدخلیل، سینئر وارڈن شیر افسر ، دیگر ہاسٹلوں کے وارڈنز ، اساتذہ کرام اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر اجمل خان نے کہا کہ مسجد کی تعمیر سے طلباء اور دیگر عملہ کا ایک دیرینہ مذہبی اور روحانی ضرورت پوری ہوئی ہے اور نماز گزار عبادت کرنے او ردور جانے کی بجائے اپنے ہی ہاسٹل میں دنیاوی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی عبادت فرائض بھی ادا کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامیہ کالجیٹ معمولی تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ خیبر پختونخوا میں اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے جس کی اہمیت نہ صرف صوبے بلکہ ملکی سطح پر بھی مسلمہ ہے۔

اس سے فارغ اتحصیل ہونے والے طلباء کی طویل فہرست سے تاریخ بھری پڑی ہے جوسیاست ، طب ، انجنئیرنگ سمیت کئی ایک اہم شعبوں میں ملک کی گراں قدر خدمات انجام د ے رہے ہیں۔پروفیسر اجمل خان نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں اس تاریخ ساز ادارے میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع میسر ہوا ہے اب یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی محنت سے نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے اپنا ، ادارے، اساتذ ہ اور والدین کا نام روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء رہنمائی کیلئے کسی بھی وقت ان سے یا اپنے اساتذہ سے رابطہ کر سکتے ہیں ان کو بہتر تعلیم کے حصول کیلئے اساتذہ کی جانب سے ہر وقت بھر پور تعاون اور رہنمائی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری حتی الوسع کوشش ہو گی کہ یہاں تعلیم حاصل کرنے والے ہر طالب علم کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔آخر میں میں ادارے کے پرنسپل سید شبیر احمد نے مہمان خصوصی سمیت دیگر مہمنان گرامی کو قرآن شریف کے تحائف پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :