پینٹاگان کا چین سے متنازعہ جزائر میں تعمیرات روکنے کا مطالبہ

جمعہ 12 جون 2015 17:53

واشنگٹن ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) امریکہ کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے چین کے ایک فوجی جنرل سے ملاقات میں بحیرہ جنوبی چین میں ملکیتی دعوے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پینٹاگان کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق کارٹر نے امریکی دورے پر موجود چینی جنرل فان چنگ لانگ سے ملاقات کے دوران امریکہ اور چین کے فوجی تعلقات کو پائیدار اور بامعنی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس تعاون کو مزید فروغ مشترکہ خواہش کی بنیاد پر دیا جائیگا جس میں انسانی امداد، قدرتی آفات کے خلاف ردعمل، بحری قذاقی اور اس کے ساتھ اختلافات کو تعمیری طریقے سے حل کرنے کے امور شامل ہیں۔پینٹاگان کے بیان کے مطابق بحیرہ جنوبی چین میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کارٹر نے چین اور دوسرے حریف فریقین سے اپنے ملکیتی دعووٴں کو آگے بڑھانے کے عمل اور متنازع علاقے میں فوجی اقدامات کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے تحت اس کے لیے امن کی راہ اپنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پینٹاگان چین کے ساتھ فوجی تعلقات کو وسیع کرنے کے عزم پر قائم ہے۔یہ ملاقات چین کے فوجی کمیشن کے نائب سربراہ فان چنگ لانگ سے پینٹاگان میں ہوئی جو امریکہ کے دورے پر ہیں۔فان اس دورے میں امریکہ کی نیشنل سکیورٹی کی مشیر سوزان رائس سے بھی وائٹ ہاوٴس میں ملاقات کریں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل فان نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یوایس ایس رونلڈ ریگن اور امریکی فوجی اڈوں کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :