گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں پچھلی وصولی نہ کرنے سے متعلق سیکرٹری پٹرولیم نے باقاعدہ احکامات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، قائد ایوان راجہ ظفر الحق کی سینیٹ میں یقین دہانی

جمعہ 12 جون 2015 17:21

اسلام آباد ۔ 12 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج (جی آئی ڈی سی) کی مد میں پچھلی وصولی نہ کرنے سے متعلق سیکرٹری پٹرولیم نے باقاعدہ احکامات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ کچھ ارکان نے یہ معاملہ اٹھایا کہ جی آئی ڈی سی کی مد میں پچھلی وصولیاں کرنے کے لئے نوٹس جاری کئے گئے ہیں، حالانکہ اس سلسلے میں بل کی منظوری کے لئے یہ فیصلہ ہوا تھا کہ جب تک اس پر کمیٹی کی رپورٹ نہیں آ جاتی، وصولیوں کا یہ عمل معطل رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری پٹرولیم سے ان کی اس معاملے پر بات ہوئی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں احکامات جاری کئے جا رہے ہیں، کسی سے وصولی نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

چیئرمین نے قائد ایوان سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس سلسلے میں باقاعدہ حکم جاری ہوا ہے کہ نہیں تاکہ اس میں تاخیر نہ ہو۔ سینیٹر بیرسٹر جاوید عباسی نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت نے انتہائی متوازن بجٹ پیش کیا ہے، آئندہ مالی سال کے لئے جی ڈی پی کی شرح نمو کا ہدف 5.5 فیصد مقرر کیا گیا ہے جو حکومت بآسانی حاصل کر پائے گی، افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے جو ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10 فیصد سے نیچے آ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :