ملک بھر میں روہنگیا اور برما کے مسلمانوں پر ہونیوالے مظالم کیخلاف ”یوم یکجہتی مسلمانان برما “منایا گیا

جمعہ 12 جون 2015 16:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں روہنگیا اور برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف ”یوم یکجہتی مسلمانان برما “منایا گیا۔پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے تحت آزاد کشمیر ،چاروں صوبوں سمیت ملک بھر کی مساجد میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور برما کے مظلوم ،بے سہارا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے بھی کئے گئے۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد المصطفیٰ جو ہر ٹاؤن لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب سمند ر میں موجود برما کے مسلمانوں کیلئے رہائشی کیمپ کااعلان کریں ۔

(جاری ہے)

افغان مہاجرین کے خالی ہونے والوں کیمپوں میں برما کے مسلمانوں کو لا کر آباد کیا جائے۔

پاکستانی قوم 30لاکھ افغان مہاجرین کو سنبھال سکتی ہے تو برما کے چند ہزار مسلمان بھائیوں کو سنبھالنا کوئی مشکل نہیں ۔روہنگیا کے مسلمانوں کو خوراک،علاج،لباس جیسی بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے پاکستان اور سعودی عرب فوری اقدامات کریں۔روہنگیا اور برما کے مسلمانوں ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ پاکستانی حکومت برما میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرے۔

انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ،مغربی و مسلم ممالک اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج نے کہا کہ عالم اسلام برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم رکوانے کیلئے فوری حکمت عملی اختیار کرے۔

انسانی حقوق کے علمبرداروں کی روہنگیائی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر خاموشی قابل مذمت ہے۔

مولانا عبد الکریم ندیم نے خانپور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ امن دشمن قوتوں کی لگائی ہوئی آگ کا ایندھن بنے ہوئے ہیں۔عالم اسلام اس آگ کو بھجانے کیلئے موٴثر کردار اداکرے۔روہنگیا اور برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔علامہ ایوب صفدر نے گوجرانوالہ میں برما کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مخیر حضرات برما کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کیلئے آگے آئیں۔

اسلام آباد میں ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الحمید صابری،مولانا نعمان حاشر،مولانا نائب خان سبحانی ودیگر نے کہا کہ برما کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم نے ہلاکو اور چنگیز خان کے مظالم کو بھکادیا ہے۔پوری قوم برما کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کیلئے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے ریلیف فنڈ قائم کردیا ہے جو مستحسن اقدام ہے۔

کراچی میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طارق محمود مدنی نے کہا کہ امن اور انسانی حقوق کا راگ آلاپنے والوں کو روہنگیا کے مسلمانوں کی کٹی ہوئی لاشیں کیوں نظر نہیں آتیں۔پاکستان علماء کونسل بلوچستان کے زیر اہتمام برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے کی قیادت صوبائی صدر مفتی وحیداحمد ودیگر نے کی۔ کوئٹہ ،پشاور،حیدرآباد،ملتان،رحیم یارخان،خانیوال،فیصل آباد،سرگرھا،بھکر،ڈیرہ غازیخان، بہاولنگر، جھنگ، لودھراں، بہا و لپو ر ، سیالکوٹ سمیت دیگر اضلاع میں خطاب کرتے ہوئے مقررین نے روہنگیا اوربرما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کی ۔

متعلقہ عنوان :