انسداد دہشت گردی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عامر خان کے ریمانڈ میں 25 جون تک توسیع کردی

جمعہ 12 جون 2015 14:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عامر خان کے ریمانڈ میں 25 جون تک توسیع کردی ہے۔جمعہ کو پولیس اور رینجرز کی بھاری سیکورٹی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماعامر خان کو انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنا ہے اس لئے ریمانڈ میں 25 جون تک توسیع کی جائے جب کہ عامر خان کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ عامر خان اعلی تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ایک سیاسی جماعت کے رہنما ہیں اس لئے انہیں جیل میں بی کلاس فراہم کی جائے۔

عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے عامر خان کو 25 جون تک جیل بھیج دیا۔واضح رہے کہ ایم کیوایم کے رہنما عامر خان کو 11 مارچ کو نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جب کہ ان پر قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ملزمان فرحان ملا، عبید کے ٹو، نادر شاہ اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو پناہ دینے کا مقدمہ درج ہے۔

متعلقہ عنوان :