گوادر کو خوبصورت فری پورٹ بنا نے کیلئے قانون سازی کی جائے گی، گوادر کو وسط ایشیائی ممالک کیساتھ ملائیں گے، گوادر پورٹ سے بلوچستان دوسرے صوبوں سے زیادہ ترقی کرے گا

وزیراعظم محمد نواز شریف کا آئل ریفائنری کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 12 جون 2015 14:49

حب ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن آخری دہشتگرد کے خاتمہ تک جاری رہے گا ، بیروزگاری اور غربت سے نجات کیلئے امن کا قیام ضروری ہے، آج امن کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،سانحہ صفورا کے تمام ملزم پکڑے گئے ، امید ہے عدالت جلد سزا دیگی ، عدالتیں مہینوں نہیں دنوں میں مجرموں کو سزا دیں گی ، یہ مجرم کسی قسم کی نرمی کے مستحق نہیں ہیں ، کراچی میں امن وامان کی صور تحال ماضی کے مقابلے میں بہتر ہے ، دہشتگردوں کے حملے سے حوصلے پست نہیں ہوئے ، بھاگنے والوں کا پیچھا کررہے ہیں ، دہشتگردوں کو ہر حال میں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ،آپریشن ضرب عضب سے شمالی وزیرستان پرامن علاقہ بن چکا ہے،نقل مکانی کرنیوالے افراد خوشی سے اپنے گھروں وک لوٹ رہے ہیں ، گوادر کو خوبصورت فری پورٹ بنا نے کیلئے قانون سازی کی جائے گی، گوادر کو وسط ایشیائی ممالک کیساتھ ملائیں گے، گوادر پورٹ سے بلوچستان دوسرے صوبوں سے زیادہ ترقی کرے گا،نئے سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے زیادہ رعایتیں ملنی چاہئیں ، ملک بھر میں بجلی کے کار خانے لگائے جارہے ہیں، 2017ء کے اختتام تک ملک سے بجلی کی قلت ختم ہو جائے گی، دعا گو ہوں کہ پاکستان کے تمام صوبے ترقی کی منازل طے کریں ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں آئل ریفائنری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے آئل ریفائنری کے توسیعی منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کے اعتبار سے تیل اور گیس ممتاز حیثیت رکھتے ہیں ، آج کے دور میں تیل بنیادی ضرورت بن چکا ہے ، تیل پیدا کرنے والے دنیا کی بہترین معیشتوں میں شامل ہیں ، ملک میں 22 ملین ٹن تیل استعمال ہورہا ہے ، پاکستان میں تیل ریفائنری کی پیداوار 13.5 ملین ٹن ہے ۔ تیل اور گیس میں خودد کفالت کی منزل حاصل کرنے میں وقت لگے گا ، وزیراعظم نے کہا کہ بائیکوگروپ پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :