بالی ووڈ کے باعث تامل اور تیلوگو فلموں کیلئے ہیروئنز کم پڑ گئیں

جمعہ 12 جون 2015 14:45

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) بھارت کی ہندی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے گلیمر، شہرت اور دولت کی وجہ سے دیگر زبانوں کی فلم انڈسٹریز کو نقصان ہو رہا ہے، تامل اور تیلوگو فلموں کے پروڈیوسرز کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کی وجہ سے اب ان کی فلموں کیلئے اچھی ہیروئنز کی کمی ہو گئی ہے اور انہیں ایک فلم کی ہیروئن تلاش کرنے کیلئے چھے چھے مہینے تک تلاش بسیار کرنا پڑی ہے۔

(جاری ہے)

ہندی فلم انڈسٹری کے بعد بھارت میں تامل زبان کی فلمیں زیادہ مقبول ہیں اور اس کے بعد تیلوگو، کناڈا، ملایالم اور پنجابی زبان کی فلموں کی باری آتی ہے۔ پنجاب میں بھی ہندی فلم انڈسٹری ہی سب سے زیادہ مقبول ہے اس وجہ سے پنجابی زبان کی فلموں کی تعداد کم ہوتی ہے تاہم تامل اور تیلوگو زبان میں ہر سال سیکڑوں فلمیں بنتی ہیں۔ گزشتہ تین دہائیوں سے بالی ووڈ میں یہ رجحان چل رہا ہے کہ بہت سی اداکارائیں پہلے تامل اور تیلوگو سینما سے کیریئر کا آغاز کرتی ہیں اور پھر بالی ووڈ کا رخ کر لیتی ہیں۔