عالمی عدالت انصاف کے معائنہ کاروں کا اعلی اختیاراتی وفد رواں ماہ فلسطین کا دورہ کریگا

جمعہ 12 جون 2015 13:16

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 جون۔2015ء) اسرائیلی عبرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت نے معائنہ کاروں کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد رواں ماہ مقبوضہ فلسطین کے دورے پر روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اپنے دورے کے دوران اسرائیلی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں اور جنگی جرائم کے شواہد اکھٹے کریگا۔

اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عالمی فوجداری عدالت آئی سی سی کا وفد 27 جون کو مقبوضہ فلسطین آئیگا۔ادھر رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے ایک ذریعے نے بھی عالمی فوج داری عدالت کے ماہرین کے دورے سے متعلق خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کے پبلک سیکرٹریٹ کی جانب سے فلسطینی اتھارٹی کو مطلع کیا گیا ہے کہ عالمی معائنہ کاروں کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد جون کے آخر میں فلسطین کا دورہ کریگا جہاں یہ وفد فلسطینیوں کیخلاف اسرائیل کے مبینہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے شواہد جمع کریگا تاکہ ان کی روشنی میں فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں پر تحقیقات کا عمل آگے بڑھایا جاسکے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت کے وفد کی جانب سے جنگی جرائم کی تحقیقات اور اس کیلئے شواہد کے حصول کی کوششیں شروع ہوئیں تو لا محالہ اسرائیلی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں کو بھی ان میں شامل کیا جائیگا۔اخبار کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کا معمول یہ ہے کہ وہ کسی بھی درخواست پر کارروائی شروع کردیتی ہے اور شواہد کے حصول کیلئے اس ملک سے رجوع نہیں کیا جاتا۔

تاہم اس باب میں خوش آئند امریہ ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے کسی قسم کی تحقیقات سے قبل معائنہ کاروں کا وفد مقبوضہ فلسطین بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگرعدالت اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات شروع کرتی ہے تو اسرائیل بھی فلسطینی تنظیموں کے خلاف اسی طرح کے الزامات کے تحت مقدمات قائم کراسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :