` بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جلد شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر ڈی جی نادرا سے جواب طلب `

جمعرات 11 جون 2015 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جلد شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر ڈی جی نادرا سے جواب طلب کر لیا،عدالت نے قرار دیا ہے کہ پاکستان میں ترسیلات بھجوانے والے بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی سرمایہ ہیں عدالت انہیں پریشانی میں نہیں دیکھ سکتی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار نوشاب اے خان نے عدالت کو بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو نادرا کی جانب سے شناختی کارڈ کے حصول کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

بیرون ملک موجودزیادہ تر قونصل خانوں میں شناختی کارڈ بنوانے کے لئے نادرا کاونٹر موجود نہیں جو کہ آئین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ بروقت شناختی کارڈ نہ ملنے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دیار غیر میں بے پناہ مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے اور ذہنی اذیت سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترسیلات بھجوانے والے بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی سرمایہ ہیں عدالت انہیں پریشانی میں نہیں دیکھ سکتی۔عدالت نے ڈی جی نادرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دس یوم میں تفصیلی جواب داخل کرنے کی ہدائت کر دی۔

متعلقہ عنوان :