میٹرو ٹرین منصوبہ،پنجاب یونیورسٹی ملازمین و اساتذہ کامال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ

اساتذہ نے گاؤن پہن کر شہریوں میں پملفٹ تقسیم کئے، اساتذہ کے گھر چھیننے کے منصوبے کو ختم کیا جائے وزیراعلیٰ سے مطالبہ

جمعرات 11 جون 2015 21:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) پنجاب یونیورسٹی کے سینکڑوں اساتذہ اور ملازمین نے میٹرو اورنچ ٹرین منصوبے کے خلاف مال روڈ پر احتجاج کیا، چند لمحوں کے لئے علامتی طور پر ٹریفک بلاک کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنجاب یونیورسٹی ٹاونIکی زمین ٹرین منصوبے کے نام پر اساتذہ سے نہ چھینی جائے بصورت دیگر ٖفیڈریشن کی حمایت سے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

احتجاجی ریلی کا انعقاد پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن(آسا) کے پلیٹ فارم سے ٹاؤن ہال کے سامنے مال روڈ پر کیا گیا۔ اس موقع پرصدر آسا ڈاکٹر حسن مبین عالم،سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین، ڈاکٹر شاہد کمال اور سینکڑوں خواتین اور مرد اساتذہ کے علاوہ ملازمین بھی موجود تھے۔ اساتذہ نے مختلف بینراور پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پرمنصوبے کے خلاف نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں ڈاکٹر حسن مبین عالم اور ڈاکٹر محبوب حسین نے کہا کہ اساتذہ نے پائی پائی جمع کرکے13 سال قسطیں ادا کر کے کالونی میں گھر تعمیر کروائے ہیں اور اب جبکہ گھر تعمیر ہو چکے تو حکام ان کے گھر وں کو مسمار کرنا چاہتے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایک حکومتی نمائند ے نے رابطہ کر کے احتجاجی مظاہرہ موخر کرنے کے صلاح دی تھی تاہم یونیورسٹی کے منتخب نمائندے اور سینکڑوں اساتذہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ایل ڈی اور وزیر اعلیٰ اساتذہ کو بے گھر کرنے کا منصوبہ ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان نہ کر دیں۔

احتجاج کے دوران اساتذہ پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس کے سامنے سڑک کے دونوں اطراف اور درمیانی راہداری پرگاؤن پہن کرکھڑے رہے اور انہوں نے شہریوں میں اپنے مطالبات کے حق میں پمفلٹ تقسیم کئے جس پر تمام طبقاتِ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور حمایت کی۔قبل ازیں سینٹ ہال میں اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کی جنرل باڈی اجلاس کے دوران یونیورسٹی کے ملازمین کے نمائندوں نے باقاعدہ طور پر یونیورسٹی اساتذہ کی حمایت کا اعلان کیا اورکہا کہ یونیورسٹی کے 8ہزار ملامین اساتذہ کی احتجاجی تحریک میں شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

اس موقع پر چئیرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مطالبات کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے گا۔ تاہم اساتذۃ کے نمائندوں نے کہا کہ جب تک ایل ڈی حکام اور وزیر اعلیٰ اساتذہ کو بے گھر کرنے کا منصوبہ ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان نہ کریں ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :