حکومت نے بجلی کے یونٹ پر چار روپے سرچارج عائد کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے‘افتخار حسین

حکومت کے اس اقدام سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے غربت بڑھے گی اور خود کشیوں کے رحجان میں مزید اضافہ ہو گا

جمعرات 11 جون 2015 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) ہیومن رائٹس ویلفیئر فورم کے صدر افتخار حسین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے بجلی کے یونٹ پر چار روپے سرچارج عائد کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے حکومت کے اس اقدام سے غریب کابچہ بلب کی روشنی میں پڑھائی اور سخت گرمی میں پنکھے کی ہوا سے بھی محروم ہو جائے گا، آئی ایم ایف سے نجات حاصل کیے بغیر غریب عوام کو سکھ کا سانس نہیں مل سکتا اور نہ ہی پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں اپنے ممالک کی عوام کو ضروریات زندگی کی بنیادی چیزوں پر سبسڈی فراہم کرتی ہیں لیکن بد قسمتی سے ہماری حکومت نے آئی ایم ایف کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے بجلی کے فی یونٹ پر چار روپے سر چارج (ٹیکس) عائد کر کے دہشت گردی ،مہنگائی اور غربت کی شکار عوام پر بہت بڑا ظلم کیا ہے حکومت کے اس اقدام سے پیداواری لاگت بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے غربت بڑھے گی اور خود کشیوں کے رحجان میں مزید اضافہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت غریب عوام پر رحم کرتے ہوئے بجلی کے یونٹ پر چار روپے سرچارج عائد کرنے کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لے کیونکہ اگر غریب عوام کو جمہوریت کا ثمر نہ ملا تو جمہوریت خاک میں مل جائے گی۔

متعلقہ عنوان :