بائیس نمبر چونگی تا کلمہ چوک سڑک کی مکمل کارپٹنگ کا مطالبہ

جمعرات 11 جون 2015 19:02

راولپنڈی 11جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء ) شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بائیس نمبر چونگی تا کلمہ چوک سڑک کی مکمل کارپٹنگ کی جائے کیونکہ صرف پیچ ورک کی وجہ سے سڑک کئی جگہ سے اونچی اور کئی جگہ سے گہری ہونے سے بارشی پانی رکنے کا احتمال ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر زاہد رانا کے احکامات کے برعکس کنٹونمنٹ بورڈ حکام نے 22نمبر چونگی تا کلمہ چوک سڑک کی کارپٹنگ کی بجائے پیچ ورک کر کے کام ادھورا چھوڑ دیا ۔

22نمبر چونگی میں ٹریفک جام ، سستا بازار کی صورتحال اور دیگر مسائل کے جائزہ کے حوالے سے سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر زاہد رانا نے کچھ عرصہ قبل بائیس نمبر چونگی کے دورے کے موقع پر سڑک کی ناگفتہ بہ حالت کو دیکھتے ہوئے بائیس نمبر چوک تا کلمہ چوک سڑک کی مکمل کارپٹنگ کے احکامات جاری کرتے ہوئے تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

(جاری ہے)

شہریوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ سڑک کو کارپٹ کرنے کی بجائے ٹکڑوں میں مرمتی کام کر کے اسے چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو کوئی خاص فائدہ نہ ہو سکا ۔شہریوں نے بتایا کہ سڑک کو مکمل کارپٹنگ کی ضرورت تھی جبکہ اس سے قبل سڑک کے دونوں اطراف ٹوٹے فٹ پاتھس کی ازسرنوتعمیر بھی کی جانی ضروری تھی تاہم فٹ پاتھ پہلے کی طرح ٹوٹے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے گندا پانی سڑک پر پھیلنے سے حالت ابتر ہو گئی ہے ۔