چیف ٹریفک آفیسر کا شہر میں سکیورٹی و امن وامان کے حوالے سے اجلاس

جمعرات 11 جون 2015 18:42

لاہور ۔11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے شہر میں سکیورٹی اور امن وامان کے حوالے سے سی ٹی او آفس میں ایس پیز اور ڈی ایس پیز سے میٹنگ کی ۔انہوں نے کہا کہ مشکوک گاڑیوں اور مشکوک افراد کی سرکوبی کیلئے اہم مقامات سمیت شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر مخصوص ناکے لگائے جائیں، خاص طور پر رنگدار شیشے،غیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کیخلاف انسدادی کارروائی یقینی بنائیں۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں سے رویہ شائستہ رکھتے ہوئے پولیس اورعوام دوستی کے رشتے کو مضبوط بنایا جائے ،ٹریفک قوانین کی پابندی بھی ہرممکن یقینی بنائی جائے ۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ گذشتہ7ماہ کے دوران کالے شیشے،غیر نمونہ اوربغیر نمبرپلیٹ 127410گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی گئی جن میں رنگدار شیشے والی65891،غیر نمونہ نمبر پلیٹ38388اور بغیر نمبر پلیٹ23131گاڑیاں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی مشکوک اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے ،اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرتے ہوئے سی ٹی او آفس ارسال کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت ولاپرواہی کرنیوالے اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ طیب حفیظ چیمہ نے تمام انچارج سیکٹرز اور وارڈنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور شہریوں سے اپنا رویہ شائستہ رکھیں ۔