پولیس نے پرائیویٹ گاڑیوں پر غیر قانونی جعلی نیلی بتی،کالے شیشے استعمال، مشکوک و بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے خلاف کاروائی تیز کر دی

جمعرات 11 جون 2015 18:41

فیصل آباد ۔11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) فیصل آباد پولیس نے پرائیویٹ گاڑیوں پر غیر قانونی جعلی نیلی بتی،کالے شیشے استعمال، مشکوک و بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے خلاف کاروائی تیز کر دی ہے جبکہ سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد افضال احمد کوثر کی جانب سے تمام ٹاؤن ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جو لوگ اپنی پرائیویٹ گاڑیوں پر غیر قانونی طور پر نیلی بتی ،کالے شیشے ، کاغذات کے بغیر مشکوک اور بلا نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا استعمال کرتے ہیں ان کے خلاف کاروائی کو بھرپور طریقے سے جاری رکھاجائے کیونکہ اکثرو بیشتر مشاہدہ میں آیا ہے کہ وارداتوں میں ایسی مشکوک گاڑیاں ہی استعمال میں آتی ہیں جن سے ملزمان کی شناخت میں دشواری پیش آتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وہ لوگ جو غیر قانونی طور پر نیلی بتی اور کالے شیشے اپنی گاڑیوں پر لگا کر پھرتے ہیں ان کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ جس ایس ایچ او کی حدود میں غیر قانونی طور پر نیلی بتی اور کالے شیشے والی گاڑی نظر آئی تووہاں کے ایس ایچ اوکے خلاف سخت ترین محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی پی او فیصل آباد نے کہا کہ دوران چیکنگ صبر کا پیمانہ لبریز نہ ہونے دیا جائے اورمعزز شہریوں و دیگر افراد سے حسن سلوک سے پیش آیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :