کوئٹہ میں پولیس موبائل کو موٹر سائیکل سوار دو مشکوک افراد کا پیچھا کرتے ہوئے نشانہ بنایا گیا،ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ

جمعرات 11 جون 2015 18:18

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں پولیس حملے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کی موبائل ٹیم موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک افراد کا پیچھا کررہی تھی کہ اس دوران دوسری موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی کو نشانہ بنایا اور تینوں طرف سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اہلکار شہید ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ پولیس موبائل کیساتھ موٹر سائیکل سوار فالکن کے اہلکاربھی گشت پر مامور ہونگے جس کیلئے ہم نے انتظامات کرلئے تھے اور آج ہی اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری ہونا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوگیا انہوں نے کہاکہ آئندہ موبائل ٹیموں کیساتھ آگے اور پیچھے موٹر سائیکل سواروں کی ٹیمیں بھی نگرانی پر مامور ہوں گی اگر کسی طرف سے موبائل پر حملہ ہوا تو موٹر سائیکل سوار فالکن ان کا دفاع کرسکیں گے۔