بھارتی قیادت کے بیانات غیر ذمہ دارانہ، تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان تحمل کے ساتھ چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے، وزیر اعظم نواز شریف کا سارک اور ای سی او میں تعینات سفیروں سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 11 جون 2015 17:22

بھارتی قیادت کے بیانات غیر ذمہ دارانہ، تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 11 جون 2015 ء) : وزیر اعظم نواز شریف نے سارک اور ای سی او میں تعینات سفیروں کی کانفرنس سے خطاب کیا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو بہت سے مسائل درپیش جبکہ چیلنجز کا سامنا ہے، غیر ملکی مداخلت سے دہشت گردی کا بڑا خطرہ منڈلا رہا ہے. دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے ملک میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے لیکن ابھی بھی بہت کام ہیں جو کرنا باقی ہیں ، وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں.

(جاری ہے)

بھارتی قیادت کے بیانات سے مفاہمت کی فضا متاثر ہوئی ہے پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن امن کی خواہش یک طرفہ نہیں ہو سکتی. انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے. پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں تبدیلی کا پیش خیمہ ہو گی اور یہ منوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہو گا . اس منصوبے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے چکے ہیں اس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ماضی کے مقابلے میں مزید مستحکم ہو رہی ہے.

انہوں نے کہا کہ قومی مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے. افغانستان اور پاکستان کے مابین تعلقات میں بہتری آئی ہے. افغانستان سے کہا ہے کہ وہ اپنی زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، افغانستان کادشمن پاکستان کا بھی دشمن ہے. وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تحمل کے ساتھ چیلنجز کا سامنا کرتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے. پاکستان دنیا بھر میں ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر جانا جاتا ہے، دنیا کے اس خطے میں بہت سے وسائل موجود ہیں، وزیر اعظم نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا، انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت خارجہ تمام متعلقہ وزارتوں سے تعلقات بڑھائے.