ایس ای سی پی کی مئی میں 426کمپنیوں کی رجسٹر یشن

90 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ‘ 5 فیصد سنگل ممبر‘5 فیصد پبلک ان لسٹڈ‘ این جی اوز ٹرید آرگنائزیشن اور غیرملکی کمپنیاں شامل

جمعرات 11 جون 2015 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے مئی میں 426کمپنیاں رجسٹرکیں۔نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں تقریباً نوے فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ‘ پانچ فیصد سنگل ممبر‘ پانچ فیصدپبلک ان لسٹڈ‘ این جی اوز ٹرید آرگنائزیشن اور غیرملکی کمپنیاں شامل ہیں۔ سب سے زیادہ کمپنیاں تجارت کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں جن کی تعداد اُنسٹھ ہے‘ انفرمیشن ٹیکنالوجی میں چوالیس ‘ سیاحت میں تیس‘ تعمیرات کے شعبے تیئس کا رپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ میں اٹھارہ خوراک اور مشروبات میں سترہ‘ تعلیم اور انجینئرنگ میں سولہ سولہ‘ پاور جنریشن میں پندرہ‘ ٹیکسٹائل میں بارہ‘ کیمیکل‘ کمیونیکیشن اور پیپر بورڈ میں دس دس کمپنیاں رجسٹر ہوئیں اور دو غیر ملکی کمپنیاں اسلام آباد آفس میں رجسٹر ہوئیں۔

(جاری ہے)

اس ماہ چوبیس نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ۔ ان سرمایہ کاروں کا تعلق چین‘ ڈنمارک‘ جاپان‘ نائجیر یا ‘ ناروے‘ فلسطین ‘ ترکی‘ متحدہ عرب امارات‘ برطانیہ اور امریکہ سے ہے ۔ یہ کمپنیاں پاور جنریشن‘ خدمات‘ سیاحت‘ انجیئرنگ ‘ مواصلات‘ تجارت‘ انفر میشن ٹیکنالوجی‘ پیپر اور بورڈ‘خوراک اور مشروبات ‘ تعمیرات اور کیمیکل شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں۔

سب سے زیادہ رجسٹریشن لاہور میں ہوئی جہاں 155کمپنیاں رجسٹر ہو ئیں اسلام آباد میں 109 کراچی میں 85 ملتان میں 30 پشاور میں 28 فیصل آباد میں 12 کوئٹہ میں 6 اور سکھر میں ایک کمپنی رجسٹر ہوئی۔ مئی میں 288کمپنیوں کی جانب سے غیر ادا شدہ سرمائے میں اضافے کی درخواستوں کو منظور کیاگیا اور کل 43.7ارب تک کے اضافے کی منظوری دی گئی ۔ علاوہ ازیں 279کمپنیوں نے ادا شدہ سرمائے کی حد میں اضافے کی درخواستیں دیں اور ان کمپنیوں کے کل ادا شدہ سرمائے میں کلی طور پر 5.7ارب کا اضافہ منظور کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :