سی ٹی او لاہور کی شہر میں سکیورٹی اور امن وامان کے حوالے ایس پیز اور ڈی ایس پیز سے میٹنگ

جمعرات 11 جون 2015 16:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے شہر میں سکیورٹی اور امن وامان کے حوالے سے سی ٹی او آفس میں ایس پیز اور ڈی ایس پیز سے میٹنگ کی ۔انہوں نے کہا کہ مشکوک گاڑیوں اور مشکوک افراد کی سرکوبی کیلئے اہم مقامات سمیت شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر مخصوص ناکے لگائے جائیں اور خاص طور پر رنگدار شیشے،غیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف انسدادی کارروائی یقینی بنائیں۔

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں سے رویہ شائستہ رکھتے ہوئے پولیس عوام دوستی کے رشتے کو مضبوط بنایا جائے تاہم ٹریفک قوانین کی پابندی بھی ہرممکن یقینی بنائی جائے گی ۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ گذشتہ7ماہ کے دوران کالے شیشے،غیر نمونہ اوربغیر نمبرپلیٹ 127410گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی جن میں رنگدار شیشے والی65891،غیر نمونہ نمبر پلیٹ38388اور بغیر نمبر پلیٹ23131گاڑیاں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی مشکوک اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے ،اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرتے ہوئے سی ٹی او آفس ارسال کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت ولاپرواہی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ طیب حفیظ چیمہ نے تمام انچارج سیکٹرز اور وارڈنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں،شہریوں سے اپنا رویہ شائستہ رکھیں تاہم مشکوک گاڑیوں اور مشکوک افراد ہرگز کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔

متعلقہ عنوان :