بھا رت سے لڑائی نہیں چاہتے کیونکہ جنگ سے غریب لوگ متاثر ہوتے ہیں،سینیٹر مشاہد اللہ

جمعرات 11 جون 2015 15:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بزدلانہ بیانات دے رہے ہیں اور ان کے غیر سنجیدہ بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہئے‘ ہم بھارت سے لڑائی نہیں چاہتے‘ وزیراعظم نواز شریف نے ایک حد تک بھارتی وزیراعظم کو جواب دیا ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم گرجتے نہیں برستے ہیں اور جب برسنے کا وقت ہو گا ہم برسیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ذمہ دار قوم ہیں اور اس حوالے سے وزیراعظم نواز شریف نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کے لوگوں کو امن اور خوشحالی چاہئے اور ان کے سماجی مسائل حل ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ وہ حکومت میں آ کر ہندوستان کے دن کو بدلیں گے۔ کیا وہ جنگ لڑ کے ملک کے دن کو بدلیں گے ایسا نہیں ہو گا بلکہ اس سے ملک تباہ ہو جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ بھارت کے بیانات اور رویے کے حوالے سے انٹرنیشنل سطح پر اپنا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لڑائی نہیں چاہتے کیونکہ جنگ سے غریب لوگ متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو چاہئے کہ وہ ہندوستان کو ذمہ دار ریاست بنائیں۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھارت کے رویے کے متعلق سوچنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :