Live Updates

رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی وافر و مقررہ نرخوں پر فراہمی اور افطاری کے اوقات میں ٹریفک کیلئے فوری مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں،ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد

جمعرات 11 جون 2015 14:21

فیصل آباد ۔11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے سینئر نائب صدر ندیم اللہ والا نے رمضان المبارک کے سلسلہ میں اشیائے ضروریہ کی وافر و مقررہ نرخوں پر فراہمی اور افطاری کے اوقات میں ٹریفک کیلئے فوری مربوط اقدامات یقینی بنانے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد شہر نہر اور ریلوے لائن کی وجہ سے 2 حصوں میں تقسیم ہے جس کے مشرقی اور مغربی حصے کو آپس میں ملانے کیلئے صرف 4 بالائی پل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہر کے قریب ترین ہونے کی وجہ سے جھال خانوآنہ کے پل پر سب سے زیادہ دباوٴ ہوتا ہے جو انڈر پاس کی تعمیر کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کی وجہ سے رمضان المبارک کے دوران کاروباری سرگرمیاں مزید بڑھ جائیں گی جس کی وجہ سے شہر کی ٹریفک کا تمام تر بوجھ طارق آباد پل پر منتقل ہو جائیگا اس طرح جھال کے انڈر پاس کی تعمیر کی وجہ سے سمندری کی طرف سے آنے والی ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی سی او نورالامین مینگل سے اپیل کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر جھال خانوآنہ کے بالائی پل کو ٹریفک کیلئے فوری طور پر کھولنے کے انتظامات کریں۔ مزید برآں ٹریفک پولیس کو بھی ضروری ہدایات جاری کی جائیں تا کہ افطاری کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کو شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے اور رش کی وجہ سے اہم سڑکوں کو جام ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شام 5 بجے سے افطاری تک ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹریفک وارڈنز تعینات کئے جائیں اور ان کی نگرانی اور مانیٹرنگ کا بھی مناسب بندوبست کیا جائے تا کہ لوگ بآسانی اور بر وقت افطاری کیلئے اندرون شہر کے آٹھ بازاروں سے مشرقی حصے میں اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :