وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزیر داخلہ کی پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے بھائیوں کے اہل خانہ سے تعزیت

جمعرات 11 جون 2015 13:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اوروفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے بھائیوں کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت اور مقتول بھائیوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی ‘ وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب نے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

جمعرات کو ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بغیر کسی پروٹوکول کے راولپنڈی میں پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے بھائیوں کے گھر پہنچے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد سے قبل سڑکوں پر کھڑے اہلکاروں کو بھی ہٹا دیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور مقتول بھائیوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

دونوں نے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس موقع پر کہا کہ اس اندوہناک واقعہ پر دلی دکھ ہے ملزموں کو قرار واقعی سزا ملے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پولیس کے پاس براہ راست فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا میرا وعدہ ہے کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف دلاؤں گا۔