بیٹے کی شہادت پر فخر ہے ،اسی دن کیلئے بیٹے کو تیار کیا تھا‘والدہ الطاف شیخ

جمعرات 11 جون 2015 13:21

بیٹے کی شہادت پر فخر ہے ،اسی دن کیلئے بیٹے کو تیار کیا تھا‘والدہ الطاف ..

سرینگر ۔ 11 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حال ہی میں بھارتی مسلح ایجنٹوں کے ہاتھوں سوپور میں شہید ہونے والے تحریک حریت کے رکن محمد الطاف شیخ کی معمر والدہ حنیفہ بیگم نے جو اپنے بیٹے کی جدائی کے صدمے سے نڈھال ہیں کہاہے کہ میں نے اسی دن کیلئے اپنے بیٹے کو تیار کیا تھااورمجھے اس کی شہادت پر فخر ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجی ایجنٹوں نے منگل کو سوپور میں الطاف شیخ کو گولیاں مار کر شہید کردیاتھا ۔

حنیفہ بیگم نے تعزیت کیلئے آنے والی خواتین سے گفتگو میں کہاکہ الطاف کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت شہید کیاگیا تاہم ہم آزادی کی تحریک کو اسکی منزل تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جانتی تھی کہ یہ دن آنے والا ہے کیونکہ الطاف کو آئے روزبھارتی فوجی ، پولیس اہلکار اور دیگرخفیہ ایجنسیاں تنگ کرتی رہتی تھیں۔

(جاری ہے)

حنیفہ بیگم نے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے 1999میں ان کے چھوٹے بیٹے کو بھی قتل کردیا تھا ۔

غم سے نڈھال بوڑھی ماں نے کہاکہ انہوں نے اپنے دونوں بیٹے جو ان کی کل کائنات تھے تحریک آزادی کشمیر کود ے دیئے ہیں اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے مذید سب کچھ قربان کرنے پر بھی تیار ہیں۔ انہوں نے اشکبار آنکھوں سے کہاکہ الطاف گھر شہادت کے روز بہت خوش تھا اور انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ اب انہیں اپنے بیٹے کی لاش دیکھنی پڑے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس نقصان کا کوئی متبادل نہیں ،ہم الطاف کے بچوں کی پرورش کریں گے۔

الطاف کے والد محمد یوسف نے کہاتین روز قبل الطاف کو پولیس نے حراست سے چھوڑ ا تھا اور انہیں دھڑکا لگا ہوا تھا کہ کچھ غلط ہونے والا ہے۔انہوں نے کہاکہ انہوں نے الطاف کو ہوشیار رہنے کیلئے کہا تھا۔انہوں نے پولیس کے سربراہ کے بیان پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ الطاف کو کس نے قتل کیا ہے ۔