پشاور ،حیات آباد فیز 5میں ایف آر پی کے ڈپٹی کمانڈنٹ کی گاڑی پر خودکش حملہ، راہ گیر سمیت پولیس اہلکار جاں بحق

جمعرات 11 جون 2015 11:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جون۔2015ء) پشاور کے علاقے حیات آباد فیز نمبر5میں ایف آر پی کے ڈپٹی کمانڈنٹ ملک طارق کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں راہ گیر سمیت پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ڈپٹی کمانڈنٹ سمیت سات افراد زخمی ہوگئے‘ صدر‘ وزیراعظم ‘ وزیر داخلہ اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کی‘ وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو حیات آباد فیز نمبر5 میں خودکش حملہ ہوا۔ دھماکے میں فرنٹیئر ریزرو پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ خودکش حملے میں راہ گیر اور ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈپٹی کمانڈنٹ ملک طارق ‘ تین پولیس اہلکار‘ راہ گیر اور ڈرائیور شدید زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں منتقل کردیا گیا جہاں ڈپٹی کمانڈنٹ ملک طارق کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ڈپٹی کمانڈنٹ ریزرو پولیس ملک طارق گھر سے دفتر جارہے تھے انہیں دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کام شروع کیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی جگہ پر شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔